فارن فنڈنگ کیس، تحریک انصاف نے کن سینئر رہنماﺅں کے اکاونٹس کو غیر قانونی قرار دیتے لاتعلقی کا اظہار کر دیا ؟ اکبر ایس بابر نے بڑا انکشاف کر دیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے اپنے 11 اکاونٹس کو غیر قانونی قرار دے کرلاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے درخواست گزار اکبر ایس بابر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 8 سال سے فارن فنڈنگ کیس چل رہا ہے اور سکروٹنی کمیٹی نے بھی 4 سال لگائے، سٹیٹ بینک ریکارڈ سے پتہ چلا ہے کہ پی ٹی آئی نے 11 اکاونٹس سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اکاونٹس غیر قانونی ہیں، جبکہ ان اکاونٹس میں 23 ملین روپے آئے۔
اکبر ایس بابر نے بتایا کہ یہ اکاونٹس جنہوں نے کھولے ان میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، گورنر کے پی شاہ فرمان، گورنر سندھ عمران اسماعیل، میاں محمود رشید اور احمد رشید شامل ہیں۔اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے اپنے ہی لوگوں پر عدم اعتماد کردیا اور لکھ کر دیا ہے ان لوگوں کے اکاونٹس غیر قانونی تھے، لہذا الیکشن کمیشن نوٹس لے اور جن گیارہ لوگوں کے غیر قانونی اکاو¿نٹس ہیں وہ فوری استعفی دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی فنڈنگ کیس ایک میگا فنڈنگ سکینڈل ہے، 8 سال کے بعد سچائی سامنے آرہی ہے، تحریک انصاف خود اپنے پارٹی کے سینئیر لوگوں کے اکاونٹس سے لاتعلقی کا اظہار کررہی ہے، 31 مارچ کو اگلی پیشی ہے، الیکشن کمیشن روزانہ کی بنیاد پر کیس سنے۔