’’ہمیں آج ہی اٹھوا لیں‘‘، شیخ رشید کا رانا ثناء کو جواب

لاہور (قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے موجودہ وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں آج ہی اٹھوا لیں۔شیخ رشید احمد لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں ضمانتی مچلکے جمع کرانے پہنچ گئے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے وفاقی وزیرِ داخلہ کے بیان پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف سے میرا تعلق نہیں، عمران خان کو سپورٹ کرتا ہوں۔شیخ رشید نے کہا کہ ان کے چہرے دیکھیں، یہ کہتے ہیں کہ گھروں سے نکال کر ماریں گے، سب جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں مگر کوئی گھبراہٹ نہیں۔ان کا کہنا ہے کہ جتنی گرفتاریاں کرنی ہیں کر لیں، ہم بڑے دل کے لوگ ہیں، دوبارہ آ کر بھی ان کو معاف کریں گے۔
سابق وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ 18 قتل میں ملوث، منشیات فروش کا آج بھی کیس تھا، منشیات فروش کہتا ہے کہ معاف کردو، وزیرِ داخلہ بن گیا ہوں۔شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ ملک تشویش ناک حالات میں جانے لگا ہے، 31 مئی تک اہم ہے، ملک کو بچانے کے لیے ہمیں الیکشن کی تاریخ چاہیے۔
واضح رہے کہ شیخ رشید نے اپنی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست عدالت میں دائر کی تھی۔عدالت نے شیخ رشید کی 18 مئی تک ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کی تھی۔