گورنر پنجاب کو شرمناک طریقے سے ہٹانے کی کوشش کی گئی، عمران خان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو دستور کے تحفظ پر شرمناک طریقے سے ہٹانے کی کوشش کی گئی۔ایک بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ پنجاب میں اس کھلی دستور شکنی کا خاموشی سے تماشا دیکھا جارہا ہے، امپورٹڈ کٹھ پتلیاں پنجاب میں آئینی انتشار اورفساد کو ہوا دے رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے گھوسٹ انتخاب کے ذریعے کٹھ پتلی کو بطور وزیر اعلیٰ صوبے پر مسلط کیا گیا، تمام دستوری تقاضے بالائے طاق رکھتے ہوئے صدر کے منصب کی توہین کی گئی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ لازم ہے کہ عدالت عظمیٰ صورتحال کی نزاکت کے پیش نظر معاملے کو ازخود دیکھے گی۔عمران خان نے کہا کہ پنجاب میں ضمیر فروشوں کا معاملہ بھی بلا تاخیر انجام تک پہنچایا جائے۔واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔
سینیئر جوائنٹ سیکرٹری کیبنٹ تیمور تجمل کے دستخط سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ گورنر پنجاب کو وزیراعظم کی ایڈوائس پر عہدے سے ہٹایا گیا۔رپورٹس کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی قائم مقام گورنر کے فرائض انجام دیں گے۔اس سے قبل صدر مملکت عارف علوی نے گورنر پنجاب کو ہٹانے کی وزیراعظم کی ایڈوائس مسترد کردی تھی۔