جسم کے کن حصوں کو ہیٹ ویو کے دوران سورج کی گرمی سے بچانا سب سے زیادہ ضروری ہے؟
کراچی (قدرت روزنامہ)ہیٹ ویو کے دوران ہم اکثر احتیاطی تدابیر کے دوران جسم کے ایسے حصوں کو نظر انداز کردیتے ہیں جنہیں سورج کی تپش سے بچانا بہت زیادہ ضروری ہے۔
اکثر لوگ ہیٹ ویو کے دوران آنکھوں کو نظر انداز کرتے دیتے ہیں جبکہ کڑی دھوپ اور گرمی سے آپ کی آنکھیں خراب ہوسکتی ہیں۔
دھوپ کی تمازت سے آپ کی آنکھوں کے اندر کی جھلی متاثر ہوسکتی ہے اور آپ کی آنکھوں میں انفیکشن ہوسکتا ہے، اس لئے آپ کو تیز دھوپ میں آنکھوں پر عینک کا استعمال لازمی کرنا چاہئیے۔
یاد رکھیں کہ کڑی دھوپ کی وجہ سے آپ کا چہرہ جھلس سکتا ہے اس لئے دھوپ میں نکلنے سے پہلے چہرہ پر کوئی معیاری لوشن لگائیں تاکہ آپ کی جلد دھوپ کی شدت سے محفوظ رہے۔
سخت گرمی کے دوران دھوپ میں اپنی کھوپڑی کو بچانے کے لیے ٹوپی ضرور پہنیں اور کوشش کریں کہ ٹوپی ایسی ہو جس سے زیادہ پسینہ بھی نہ آئے کیونکہ اکثر ٹوپیوں کی وجہ سے سر زیادہ گرم ہوجاتا ہے ،کوشش کریں کہ کپڑے کی ٹوپی یا رومال استعمال کریں۔
ہمارے پاؤں جوتوں میں زیادہ وقت گزارتے ہیں اس لیے پاؤں کی جلد دھوپ میں زیادہ دیر تک رہنے کی عادت نہیں رکھتی لہٰذا پاؤں کے اوپر کی جلد کے لیے جلنا کافی آسان ہے۔
جب آپ دھوپ میں ہوں تو اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ کے پاؤں دھوپ سے محفوظ رہیں کیونکہ اگر آپ کے پاؤں ننگے ہونگے تو آپ کو دھوپ سے متاثر ہونے کا خدشہ زیادہ ہوگا۔
اس کے علاوہ ہونٹ ہمارے جسم کے نازک ترین حصوں میں شمار کئے جاتے ہیں لیکن دھوپ کی شدت ہمارے ہونٹوں کو بری طرح متاثر کرسکتی ہے اور جسم میں پانی کی شدید کمی اور دھوپ کی وجہ سے ہونٹ پھٹ سکتے ہیں اس لئے ہونٹوں پر اچھی کریم لگائیں تاکہ آپ کے ہونٹ دھوپ سے خراب نہ ہوں۔