فلسطین کی حمایت میں پاکستانی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فلسطین کی حمایت میں پاکستانی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔اپنے جاری کردہ بیان میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ فلسطین کی حمایت میں پاکستانی پالیسی میں کوئی تبدیلی آئی ہے اور نہ آئے گی، فلسطین پر پاکستان کی ریاستی پالیسی واضح اور بابائے قوم قائداعظم کے فرامین پر مبنی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی خواہشات اور امنگوں کے منافی کوئی پالیسی یا اقدام نہیں ہوسکتا، پاکستان مسئلہ فلسطین اور اسرائیل سے متعلق اپنے روایتی اور اصولی موقف پر سختی سے کاربند ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ واضح کرچکی ہے کہ پاکستان سے کوئی وفد اسرائیل نہیں گیا، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطینیوں کے استصواب رائے کے حق کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ دنیا دو ریاستی حل کو خطے میں پائیدار امن کا ضامن تصور کرتی ہے، 1967 سے پہلے کی سرحدوں، بیت المقدس دارالحکومت اور جغرافیائی وحدت کی حامل فلسطینی ریاست کا وعدہ پورا کیاجائے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین اور جموں وکشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر دیرینہ ترین امور ہیں جن کا حل عالمی برادری کی ذمہ داری ہے، ان دونوں مسائل کے منصفانہ حل تک دنیا میں پائیدار امن ایک خواب ہی رہے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ سستی سیاسی شہرت کے لئے ہر منفی اقدام کرنے والے کسی قومی مفاد کا تو خیال کریں، دورے میں شامل پی ٹی وی کے اینکر کو ٹرمینیٹ اور آف ائیر کردیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ اینکر اپنی ذاتی حیثیت میں دورے پر گیا تھا۔