فواد خان اقوام متحدہ کے خیرسگالی کے سفیرمقرر
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) اداکار فواد خان کو اقوام متحدہ کے پروگرام برائے ترقی (یو این ڈی پی) کے لئے خیرسگالی کا سفیرمقررکردیا گیا۔یو این ڈی پی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق معروف اداکار فواد خان پاکستان میں اقوام متحدہ کے چارٹر اورپائیدار ترقی کےترجمان کے طورپر کام کریں گے۔
اداکار فواد خان کو خیرسگالی کا سفیر مقررکر نے کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں یواین ڈی پی کے پاکستان میں ریذیڈینٹ نمائندے نٹ اوسٹبائی اورفوادخان نے معاہدے پردستخط کئے۔تقریب میں یواین ڈی پی کی ڈپٹی ریزیڈنٹ ریپریزنٹیٹو مس الیونا نکولیٹا، ہیڈ آف کمیونیکیشن یونٹ عائشہ بابر اوریو این ڈی پی میں بطور گرین سوشل انٹرپرینیو کام کرنے والوں نے شرکت کی۔تقریب میں ماحولیاتی تبدیلی پریو این ڈی پی کی دستاویزی فلم ’ڈونٹ چوز ایکسٹینکشن‘ دکھائی گئی جس کی اردو زبان میں ڈبنگ فواد خان نے کی ہے۔یواین ڈی پی کے نمائندے کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ فواد خان کو خیرسگالی کا سفیر مقررکرنے پرفخر ہے۔
فواد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں یواین ڈی پی کے خیرسگالی کا سفیرمقررہونا اعزاز کی بات ہے۔مجھے یقین ہے کہ پائیدار ترقی کے اہداف عوام کی خوشحالی اورترقی کا روڈ میپ ہیں۔