دعا زہرا اور ظہیر کو لاہور روانہ کردیا گیا
کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی سے لاہور جا کر پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرا اور اس کے شوہر ظہیر احمد کو لاہور روانہ کردیا گیا۔تفتیشی ذرائع کے مطابق ظہیر احمد اور دعا زہرا کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، انہیں آج لاہور روانہ کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دعا زہرا اور ظہیر احمد کو کل لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونا ہے، ان کا کیس لاہور ہائیکورٹ میں بھی زیر سماعت ہے۔
حکام نے کہا کہ ظہیر احمد کے اہلخانہ نے پولیس کی جانب سے ہراساں کرنے پر درخواست لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا رکھی ہے۔خیال رہے کہ کراچی میں ظہیر احمد کے خلاف دعا زہرا کے اغوا کا مقدمہ درج ہے۔گزشتہ روز سندھ ہائیکورٹ نے دعا زہرا کو اپنی مرضی سے فیصلہ کرنے کی اجازت دی تھی۔
عدالت نے کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ بیان حلفی کی روشنی میں عدالت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ دعا زہرا مرضی سے جس کے ساتھ جانا چاہے یا رہنا چاہے، رہ سکتی ہے۔