شوبز شخصیات بھی عامر لیاقت کے انتقال پر افسردہ

کراچی (قدرت روزنامہ)ایم این اے عامر لیاقت حسین کے انتقال پر شوبز شخصیات کی جانب سے بھی افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’خدا حافظ عامر بھائی،‘ بعدازاں اداکار نے یہ ٹوئٹ ڈیلیٹ کرکے دوسرا ٹوئٹ کیا۔


اداکارہ ارمینہ خان نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ ’ہم ایسا منصوبہ بناتے ہیں جیسے ہم ہمیشہ زندہ رہنے والے ہیں لیکن ہمیں اگلے لمحے کا پتہ نہیں ہوتا۔‘


اُنہوں نے عامر لیاقت کے انتقال کی خبر پر دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’زندگی ایک پل میں چھین لی جا سکتی ہے۔‘
اداکارہ زارا نور عباس نے کہا کہ ’ سوشل میڈیا لوگوں کو برباد کر سکتا ہے اور انہیں کھوکھلے پن میں ڈال سکتا ہے۔‘


اُنہوں نے عامر لیاقت کے ناقدین کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’اب اُن کے اچانک انتقال پر سب حیران کیوں ہیں؟‘
زارا نور عباس نے سوالیہ انداز میں کہا کہ ’کیا عامر لیاقت کی حالیہ ویڈیوز اس طرف رہنمائی نہیں کرتی تھیں کہ اُن کی حالت کیا ہے؟
فلمساز و ہدایت کار سید نور نے کہا کہ عامر لیاقت حسین کے انتقال پر بہت افسوس ہے۔
اداکار و فلمساز میراج حق نے کہا کہ ’عامر لیاقت حسین کے انتقال کی خبر دل دہلا دینے والی ہے۔‘


اُنہوں نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’کیا آپ عامر لیاقت کی لاش کی تصویریں شیئر کرنا بند کر سکتے ہیں؟ کیا آپ میں انسانیت باقی ہے؟‘


واضح رہے کہ ایم این اے عامر لیاقت حسین کراچی میں انتقال کر گئے، اسپتال منتقلی کے بعد ڈاکٹرز نے اُن کی موت کی تصدیق کی۔
عامر لیاقت حسین کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد انتقال کی تصدیق کی۔