لاہور(قدرت روزنامہ)ایوان اقبال میں پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس بلانے پر گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کو قانونی نوٹس بھجوا دیاگیا . میڈیا رپورٹس کے مطابق ایوان اقبال میں بجٹ اجلاس کرانے پر تحریک انصاف کی رکن اسمبلی زنیب عمیر نے اظہرصدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کوقانونی نوٹس بھجوادیا .
نوٹس میں موقف اختیار کیاگیاکہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس غیر قانونی اور غیر آئینی طور پر طلب کیاگیا،گورنر پنجاب کے اس اقدام سے اسمبلی دو حصوں میں بٹ گئی . نوٹس میں مزید کہا گیاکہ گورنرنے آرڈیننس جاری کرتے ہوئےاختیارات سے تجاوز کرکے احکامات جاری کئے .
. گورنر کی انتظامی اختیارات اورامورمیں مداخلت بھی غیرقانونی ہے .
گورنر پنجاب اپنےغیرآئینی احکامات واپس لیں .
صدر مملکت عارف علوی کو نوٹس کی کاپی ارسال کردی گئی ہے جس میں صدرمملکت سے گورنرپنجاب کو عہدے سے ہٹانے کی سفارش کی گئی ہے . واضح رہے کہ گورنر پنجاب نے پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس ایوان اقبال میں بلایا تھا جبکہ سپیکر چودھری پرویز الہی نے اجلاس اسمبلی ہال میں طلب کیاتھا . ایوان اقبال میں طلب کردہ اجلاس میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے ایم پی ایز نے شرکت نہیں کی تھی جبکہ اسمبلی ہال کےاجلاس میں حکومتی اور اتحاد ی جماعتوں کے رکن شریک نہیں ہوئے تھے .
یہ بھی یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے معاملے پر اپوزیشن اور حکومت میں مزاکرات کے کئی دور ہوئے اور اجلاس بلانے کیلئے بیک ڈور رابطے بھی ہوتے رہے لیکن دونوں جانب سے کامیابی نہیں ہوسکی تھی . مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے ایوان اقبال میں اسمبلی اجلاس بلانے پر تنقیدکرتےہوئے کہا تھا کہ گورنر نے اسمبلی کے اختیارات کو محدود کرنے کیلئے ایوان اقبال میں اجلاس بلایا ، ارکان اسمبلی کو چاہئے کہ وہ پنجاب اسمبلی بلڈنگ والے اجلاس میں جائیں اور اپنے اختیارات کا تحفظ کریں . انہوں نے کہاکہ آج کل سیاست تماش بینوں کے ہتھے چڑھ گئی ہے