عدالت نے عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کا حکم دے دیا

کراچی (قدرت روزنامہ)عدالت نے معروف اینکر ڈاکٹرعامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم سے متعلق درخواست منظور کرتے ہوئے پوسٹ مارٹم کا حکم دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی وزیرحسین میمن کی عدالت میں معروف اینکر ڈاکٹرعامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کرانے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ ڈاکٹرعامرلیاقت کے ورثا کےعدالت میں پیش ہونے اور فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ڈاکٹر عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کا حکم دے دیا۔اس سے قبل دوران سماعت سرکاری وکیل سجاد علی دشتی اورایس ایچ او بریگیڈ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
سرکاری وکیل سجاد علی دشتی نے عدالت کے سامنے مؤقف پیش کیا کہ ورثا پوسٹ مارٹم کرانا نہیں چاہتے، ورثا کہتے ہیں پوسٹ مارٹم کرانے سے ان کے والد صاحب کی روح کو تکلیف پہنچے گی۔سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ورثا کے مطابق عامر لیاقت کو قتل نہیں کیا گیا، کسی پرشک بھی نہیں ہے جب کہ پولیس کی رپورٹ میں کہا گیا کہ پولیس سرجن کے مطابق جب تک جسم کا اندرونی جائزہ نہیں لیتے موت کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکتیں۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی پوسٹ مارٹم کی درخواست شہری عبد الاحد نامی شہری کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ عامر لیاقت کی موت پر شکوک وشبہات پیدا ہوئے ہیں۔
گذشتہ سماعت میں ڈاکٹرعامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کے لیے دائر درخواست پر ورثا کو بذریعہ پولیس نوٹسزجاری کرتے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے ڈاکٹرعامر لیاقت کے ورثا کو ہفتے کی صبح 9 بجے تک جواب طلب کیا تھا۔