اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کو اتحادیوں کو منانے کی درخواست کر دی .
وزیراعظم سے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر اور سابق صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی .
ملاقات میں وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنااللہ، سابق سپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزیرِ اقتصادی امور سردار ایاز صادق، وفاقی وزیرِ ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق اور رہنما مسلم لیگ (ن ) ملک احمد خان بھی موجود تھے .
اس موقع پر ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال، چیئرمین نیب کی تقرری اور مجوزہ ناموں پر تبادلہ خیال کیا گیا . شہباز شریف نے آصف زرداری کو اتحادیوں کو منانے، ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کی بھی درخواست کی اور کہا کہ ایم کیو ایم سے جو وعدے کیے گئے ہیں وہ پورے ہونے چاہئیں .
سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیر اعظم کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جو بھی مسائل ہیں ان سے جلد نکل آئیں گے .