کورونا کیسز میں اضافہ ہوا تو ایک بار پھر سخت اقدامات کرنا پڑیں گے،وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے صوبے میں کورونا ٹیسٹنگ بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جب کہ اس دوران سیکرٹری صحت نے اجلاس کو بریف کیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں خاص طور کراچی میں ٹیسٹنگ بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام ویکسی نیشن اور بوسٹر لگوائیں کیونکہ عیدالاضحیٰ اور محرم کے بڑے ایونٹس آرہے ہیں، ان ایونٹس سے پہلے ہی ہمیں کورونا کی شرح کو نیچے لانا ہے۔
دوران اجلاس سیکرٹری صحت نے بریفنگ میں بتایا کہ کورونا کیسز کا ٹرینڈ 24 جون سے بڑھنا شروع ہوا ہے اور 24 جون کو کورونا کے 248 مثبت کیسز تھے، 26 جون کو 337، 28 کو 431 اور 30 جون کو 465 کیسز رپورٹ ہوئے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 63 ہے جن میں 4 وینٹی لیٹرزپرہیں جب کہ کراچی میں کورونا کے ہفتہ وار 19 فیصد کیسز ظاہر ہوئے، ہفتہ وار کیسز کے تناسب سے کراچی میں کورونا کے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ عوام احتیاطی تدابیر اپنائیں اور کورونا کے شرح کو کم کریں، اگر یہ میڈ کیسز بیٹھے تو شاید حکومت کو پھر سخت اقدامات لینے پڑ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام ماسک پہنے، سماجی دوری کو یقینی بنائیں ، ہاتھ دھلے اور سینی ٹائزر کیے جائیں۔
واضح رہے کہ اجلاس میں صوبائی وزراء عذرا پیوچوہو، ناصر شاہ، شرجیل میمن (وڈیو لنک پر)، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، پارلیامنٹری سیکریٹری صحت قاسم سومرو، چیف سیکریٹری سہیل راجپوت، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری فیاض جتوئی، سیکریٹری داخلہ سعید منگنیجو، کمشنر کراچی، ڈاکٹر باری، ڈاکٹر قیصر سجاد، وی سی ڈاکٹر سعید قریشی، ڈپٹی ڈی جی رینجرز برگیڈیئر رؤف شہزاد، کور ہیڈکوارٹر اور انٹیلی جنس اداروں کے نمائندگان شریک ہوئے۔