بھارتی ایئر لائن کی پرواز کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ

کراچی (قدرت روزنامہ)بھارتی ایئر لائن کی دہلی سے دبئی جانے والی پرواز نے کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ کی ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پرواز ایس جی 11 میں پاکستان کی فضائی حدود میں فنی خرابی پیدا ہوئی تھی، بھارتی طیارے کے پائلٹ کے رابطہ کرنے پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر طیارے کو لینڈنگ کی اجازت دی گئی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بھارتی بوئنگ 737 طیارہ کراچی ایئر پورٹ پر باحفاظت لینڈ کر گیا ہے۔
ترجمان سی اے اے کے مطابق انجینئرز طیارے کے انجن کا معائنہ کر کے خرابی دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ایئر کرافٹ انجینئرز کی رپورٹ کے بعد ہی طیارے کو پرواز کے لیے کلیئرنس دی جائے گی۔دوسری جانب ترجمان بھارتی ایئر لائن کا کہنا ہے کہ بھارتی طیارے کی کراچی ایئر پورٹ پر لینڈنگ ہوئی ہے، طیارے کو انڈیکیٹر لائٹ کی خرابی کی وجہ سے کراچی کی طرف موڑا گیا تھا، جس نے بحفاظت کراچی ایئر پورٹ پر لینڈنگ کی ہے۔
ترجمان بھارتی ایئر لاین کے مطابق مسافروں کو ریفریشمنٹ فراہم کی گئی ہیں، متبادل طیارہ کراچی بھیجا جا رہا ہے جو مسافروں کو دبئی لے جائے گا۔واضح رہے کہ بھارتی طیارے میں 150 سے زائد مسافر سوار تھے۔