جس کی گورنر راج لگانے کی خواہش ہے وہ لگا کر دیکھ لے: فرخ حبیب

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ جس کی بھی گورنر راج لگانے کی خواہش ہے وہ لگا کر دیکھ لے، یہ عوامی ردعمل 2 گھنٹے بھی برداشت نہیں کر سکیں گے۔
رانا ثناء اللّٰہ کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ رسی جل گئی لیکن بل نہیں گیا، گورنر راج کی باتیں کرنے والوں کو پتہ ہونا چاہیے کہ پنجاب میں عوامی راج لگ چکا ہے۔فرخ حبیب نے کہا کہ کل کی عبرت ناک شکست کے بعد ان کا رونا دھونا تو بنتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹول پلازہ سے باہرنکلیں تو شہباز شریف کی حکومت ویسے ہی ختم ہو جاتی ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ یہ وہی رانا ثناء اللّٰہ ہیں جو کہتے تھے کہ لانگ مارچ میں 20 بندے نہیں نکلنے دوں گا۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ گورنر راج کی سمری وزارتِ داخلہ میں تیار ہو رہی ہے، میں نے گورنر راج کی سمری پر کام شروع کر دیا ہے، میرا پنجاب میں داخلہ بند ہوا تو گورنر راج کا جواز ہو گا۔