صحت

سائنسدانوں نے گنج پن کا شرطیہ علاج ڈونڈھ لیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سائنسدانوں کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ جھڑتے بالوں اور گنج پن کا علاج اب ممکن ہو سکے گا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سائنسدانوں کی جانب سے نینو پارٹیکل سیرم پر مشتمل ایک محلول بنایا گیا ہے جس کے ذریعے چوہوں پر حاصل ہونے والے نتائج نے محققین کو بھی حیران کر دیا۔

سائنسدانوں کی جانب سے اب یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ عمل خواتین اور مردوں کے گنج پن کے لئے بھی یکساں مفید ثابت ہو سکتا ہے۔

تحقیق کے نتیجے میں جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق 18 سے 20 سال کی عمر کے دوران 16 فیصد جبکہ 40 سے 49 سال کی عمر کے درمیان تقریباً 53 فیصد افراد کے بال جھڑنا شروع ہو جاتے ہیں اور 35 سال کی عمر تک دو تہائی مرد بالوں کے جھڑنے کے مسائل سے دو چار ہوتے ہیں۔

امیریکن ہیئر لاس ایسو سی ایشن کا کہنا ہے کہ اس مرض سے کروڑوں افراد متاثر ہو رہے ہیں جبکہ اس مسئلے کے حل کے لئے محققین بھی پریشان دکھائی دیتے ہیں کہ اس کا کیا علاج ہو سکتا ہے۔

خواتین اور مردوں میں بال جھڑنے کے عمل ایلوپیشیا کہلاتا ہے، ایلو پیشا کے اسباب کے مطابق ایسا اس لئے ہوتا ہے کہ بالوں کی جڑوں کے نیچے خون کی باریک شریانوں میں خون کی ترسیل صحیح سے نہیں ہو پاتی ہے جس کے نتیجے میں بالوں کو مطلوبہ غذائیت، منرلز اور وٹامنز بھی نہیں مل پاتے جس سے آکسیجن کی فراہمی بھی رُک جاتی ہے، ایسے میں بالوں کے جھڑنے کا آغاز ہو جاتا ہے اور اکثر افراد نوجوانی میں ہی گنج پن کا شکار ہونے لگتے ہیں۔

ریسرچرز کے مطابق بالوں کوجھڑنے اور گنج پن سے بچاؤ کے لئے بیرونی علاج کیمیکل کمپاؤنڈ مینوکسیڈل اور سرجیکل علاج موجود ہے جس میں بالوں کے کمزور فالیکلز کا علاج کیا جاتا ہے۔

اے سی ایس نینو میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں سائنسدانوں کی جانب سے بالوں کو جھڑنے اور گنج پن کو روکنے کے لئے نیا علاج متعارف کروایا گیا ہے جو کہ سیرم نینو پارٹیکلز پر مشتمل ہے جس کے تحت سر کی جلد، بے جان اور کمزور جِلد پر کام کیا جائے گا، اسے مضر صحت مادوں اور اجزاء سے پاک کر کے صحت مند بنایا جائے گا تا کہ جِلد میں آکسیجن صحیح سے سرایت کر سکے۔

اس علاج میں نینو پارٹیکلز پر مشتمل سیرم میں لیپیڈ کمپاؤنڈز کا استعمال کیا جائے گا، اس تحلیل میں ہونے والے محلول کو سر کی جِلد میں پہنچانے کے لئے مائیکرو نیڈلز یعنی انجیکشنز کا سہارا لیا جائے گا۔

سائنسدانوں کے مطابق انہوں نے یہ تحقیق چوہوں پر کی ہے، چوہوں پر اس تحقیق کے واضح مثبت نتائج دیکھنے کو ملے ہیں، نینو پارٹیکلز پر مشتمل سیرم اور لیپیڈز کمپاؤنڈز نے چوہوں کی جلد میں خون کی باریک شریانوں کو متحرک بنایا اور اُن میں بالوں کی افزائش دیکھنے میں آئی ہے۔

محققین کے مطابق یہ تحقیق تا حال صرف چوہوں پر کی گئی ہے مگر اُن کی جانب سے اس بات کا بھی قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ علاج انسانوں کے لئے بھی یکساں مفید ثابت ہوگا۔

متعلقہ خبریں