اسلام آباد(قدرت روزنامہ) ہمیں بھیک یا امداد نہیں بلکہ عالمی برادری سے انصاف چاہیے: بلاول بھٹو وزیر خارجہ بلاول بھٹو کوپ 27 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ہمیں بھیک یا امداد نہیں بلکہ عالمی برادری سے انصاف چاہیے- انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم ریلیف اور ریسکیو مرحلے میں ہیں، جس کے بعد تعمیر نو کے مرحلے میں داخل ہوں گے .
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آفت کے سبب پاکستان کو اس وقت 30 ارب ڈالر امداد کی ضرورت ہے .
دوسری جانب وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ہنگری کے وزیرخارجہ سے بھی ملاقات کی، دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا . اس سے پہلے اپنے بیان میں کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک میں اقلیتوں کے حقوق پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اسلاموفوبیا کی روک تھام پر ڈائیلاگ کیلئے فوری طور پر عالمی کانفرنس بلائیں، اقوام متحدہ اسلاموفوبیا کی روک تھام کیلئے ایکشن پلان بنائے .
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ موجودہ دور میں اسلام مخالف زہر آلود ٹرینڈ پھیلا ہوا ہے، ایک ریاست میں اقلیتوں پر ظلم و جبر کیا جا رہا ہے جو اس ریاست کی پالیسی ہے . بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں کہا کہ بدقسمتی سے ایک ایسی بھی ریاست ہے جہاں اقلیتوں کے حقوق کو دبایا جا رہا ہے، اس ریاست میں نفرت کے شعلوں کو ہوا دی جا رہی ہے . اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کبھی سیکولر ملک ہوتا تھا اب ہندو بالادستی والا ملک بن رہا ہے، بھارت میں آر ایس ایس کے ہندوتوا نظریے کو فروغ دیا جا رہا ہے، آر ایس ایس کے نفرت انگیز ہندوتوا نظریے نے وہاں کی 20 کروڑ مسلمان اقلیت کے خلاف تشدد کو ہوا دی ہے .
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھارت کی مسلمان اقلیت دنیا کی سب سے بڑی اقلیت ہے لیکن بھارت میں گائے کے معاملے پر ہجوم کے ذریعے مسلمانوں کا قتل عام کیا جاتا ہے . انہوں نے کہا کہ بھارت میں مساجد شہید کی جاتی ہیں، اسلامی تاریخ کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے اور مسلمانوں کے خلاف سوشل میڈیا پر گمراہ کن مہم چلائی جا رہی ہے . مسئلہ کشمیر پر اپنا مؤقف دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے، کشمیر میں اکثریتی مسلم علاقوں کو اقلیت میں تبدیل کیا جا رہا ہے لیکن دنیا نے بھارت کے اقدامات پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے .
وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری، بھارت کے کھلم کھلا امتیازی اقدامات کو نظر انداز کر کے سو رہی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ دنیا ہندو بالادستی والی بھارتی حکومت کو اسلام مخالف ایجنڈے پر ذمہ دار ٹہرائے .