اسلام آباد (قدرت روزنامہ) معروف اداکار فیروز خان نے بھی اہلیہ علیزے کے بیان کے بعد طلاق اور بچوں کی حوالگی سے متعلق سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شئیر کی . فیروز خان نے انسٹاگرام اور ٹویٹر پر جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ مجھے قانون کی پاسداری کرنے والے شہری ہونے کے ناطے عدالت کے انصاف پر مکمل اعتماد ہے .
میری 3 ستمبر کو طلاق ہوئی تھی جس کے بعد میں نے بچوں سے ملاقات کا حق حاصل کرنے کے لیے 19 ستمبر کو عدالت سے رجوع کیا تھا .
فیروزنے کہا کہ 21 ستمبر کو عدالت نے اُنہیں بچوں سے انکی ماں کی موجودگی میں ملاقات کی اجازت دیتے ہوئے مزید سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کر دی . فیروز خان نے کہا کہ وہ یکم اکتوبر کو اپنے بچوں سے ملاقات کر سکیں گے . فیروز خان نے یہ بھی کہا کہ علیزے میری سابقہ اہلیہ ہےاور میں ان کی سپورٹ جاری کھوں گا، وہ میرے بچوں کی ماں ہے .
اس معاملے پر زیادہ کچھ نہیں کہوں گا کیونکہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے، مجھے پاکستان کے عدالتی نظام پر مکمل بھروسہ ہے .
قبل ازیں علیزے خان کی جانب سے انسسٹاگرام پر جاری کیے گئے پیغام میں اپنے شوہر پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کیا گیا .
علیزے خان کا کہنا ہے کہ 4 سال تک جسمانی اور ذہنی تشدد کا نشانہ بنتی رہی، شادی کے 4 سال انتہائی تلخ رہے، شوہر کی بے وفائی، بلیک میلنگ اور تذلیل بھی برداشت کرنی پڑی .
انتہائی سوچ و بچار کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچی ہوں کہ میں اپنی پوری زندگی اس ہولناک طریقے سے نہیں گزار سکتی . علیزے خان نے مزید لکھا کہ فیروز خان سے علیحدگی کا فیصلہ اپنے بچوں کے بہتر مستقبل اور بہبود کے لئے کیا ہے، میں نہیں چاہتی کہ میرے بچے اس زہریلے اور پرتشدد گھرانے میں پروان چڑھیں، مجھے ڈر ہے کہ کہیں ان کے ساتھ گزارہ وقت میرے بچوں کے ذہنوں پر منفی اثرات مرتب نہ کرے .
میں اپنے بچوں کو سکھاؤں گی کہ کوئی زخم اتنا گہرا نہیں ہوتا کہ مندمل نہ ہو سکے، کوئی زخم اتنا شرمناک نہیں کہ اسے تحفظ کی قیمت پر چھپایا جا سکے . یہاں واضح رہے کہ علیزے خان اور فیروز خان کے درمیان اختلافات کی خبریں کافی عرصے سے زیر گردش رہیں، تاہم کبھی بھی فیروز خان یا علیزے خان کی جانب سے ان خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی . اب پہلی مرتبہ علیزے خان نے سامنے آ کر اپنے شوہر سے اختلافات کی تصدیق کرتے ہوئے ناصرف سنگین الزامات عائد کیے ہیں، بلکہ علیحدگی اختیار کرنے کا بھی اعلان کر دیا . یاد رہے کہ فیروز خان اور علیزے خان ایک بیٹا اور ایک بیٹی کے والدین ہیں .