وزیرِ اعظم شہباز شریف آج مصر روانہ ہوں گے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیرِ اعظم شہباز شریف آج مصر کے دو روزہ دورے پر روانہ ہوں گے . اس حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہےکہ وزیرِ اعظم 7 نومبر کو شرم الشیخ میں کوپ 27 کانفرنس میں شرکت کریں گے، کانفرنس میں 197 رکن ممالک شرکت کر رہے ہیں .

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلیوں اور موسمیاتی انصاف پر کارروائی کی ضرورت پر غور ہوگا، وزیرِ اعظم ورلڈ لیڈرز سمٹ میں اہم مسائل پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے .
وزیرِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات کریں گے، ناروے کے ہم منصب کے ساتھ شہباز شریف گول میز کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے جبکہ 7 نومبر کو مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو سمٹ میں بھی شرکت کریں گے . انہوں نے کہا کہ کانفرنس کی میزبانی سعودی ولی عہد اور وزیرِ اعظم محمد بن سلمان کر رہے ہیں .
مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اپنے دورے میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے . مسلم لیگ ن کی رہنما کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی پر بحث، مذاکرات اور اجتماعی کارروائی میں کردار ادا کرتا رہے گا، وزیرِ اعظم کے ہمراہ وفد کوپ 27 کی تمام اہم کمیٹیوں میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا، وفد ان کمیٹیوں میں کاربن کے کم اخراج والے ممالک کو درپیش خطرے پر بھی بات کرے گا . ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان اس کانفرنس میں گروپ آف 77 چائنہ کی سربراہی بھی کرے گا .

. .

متعلقہ خبریں