پنجاب حکومت نے پارکس میں خواتین سے بدسلوکی کے واقعات کے سد باب کیلئے بڑا فیصلہ کرلیا
لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب حکومت نے خواتین کے ساتھ ہراسگی اور بدسلوکی کے واقعات سامنے آنے کے بعد پارکوں میں نجی سکیورٹی کمپنیوں کی خدمات لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔نجی ٹی وی جیو نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ مسلح پرائیوٹ گارڈز موٹرسائیکلوں پر پارکوں میں گشت کریں گے جبکہ صوبائی حکومت نےپرانے کیمرے ایک ہفتے میں ٹھیک کروانے کے ساتھ ساتھ صوبے کے تمام پارکوں میں نئے کیمرے لگانے کی ہدایت بھی کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی( پی ایچ اے) نے اپنے سیکیورٹی گارڈز کو ڈنڈا بردار فورس میں بدلنے کا فیصلہ کیاہے اور اس ضمن میں گارڈزکی خصوصی تربیت کروائی جائے گی۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر آصف محمود نے کہا ہے کہ پارکوں میں لائٹس کا انتظام کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں اورپارکوں میں خواتین اور فیملیز کے لیے ہفتہ میں ایک دن مقرر کرنے کی تجویز ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پارکوں میں خواتین کی حفاظت پی ایچ اے کا فرض ہے۔