پاکستان

آزاد کشمیر میں نام نہاد دہشتگردوں کے کیمپوں کا بھارتی دعویٰ بے بنیاد ہے،پاک فوج

بھارتی فوج کے اعلی افسر کا آزاد جموں و کشمیر کے حوالے سے بیان غیر ذمہ دارانہ ہے، یہ بیان بھارتی مسلح افواج کے پراپیگنڈا کی سوچ کا مظہر ہے، سلامتی کونسل اور بین الاقوامی قوانین کے تحت کشمیریوں کے حق خودارادی کی حمایت کی گئی، بھارت کشمیریوں کو حق خود ارادی دینے سے بھی انکاری ہے، آئی ایس پی آر
راولپنڈی(قدرت روزنامہ)پاک فوج نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کے اعلی افسر کا آزاد جموں و کشمیر کے حوالے سے بیان غیر ذمہ دارانہ ہے، آزاد کشمیر میں نام نہاد دہشت گرد کیمپوں کا دعوی بے بنیاد ہے، یہ بیان بھارتی مسلح افواج کے پراپیگنڈا کی سوچ کا مظہر ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ ٹوئٹ میں ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دہشت گردوں کی موجودگی کا دعوی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں حق خودارادیت کی جدوجہد کچلنے میں مصروف ہے۔
پاک فوج کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل اور بین الاقوامی قوانین کے تحت کشمیریوں کے حق خودارادی کی حمایت کی گئی، بھارت کشمیریوں کو حق خود ارادی دینے سے بھی انکاری ہے، بھارتی فوج معصوم اور غیر مسلح کشمیریوں پر جبر کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ بھارتی افسر کے بلند و بانگ دعوے غیر حقیقی اور توہین آمیز ہیں، پاک فوج خطے میں امن و استحکام کیلئے پر عزم ہے، ہر قسم کی مہم جوائی کا جواب دینے کیلئے بھی تیار ہے۔

متعلقہ خبریں