انوشکا شرما تشہیر کیلئے بغیر اجازت تصاویر استعمال کرنے پر برہم
ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ انوشکا شرما نامور اسپورٹس برانڈ کی جانب سے اجازت کے بغیر تشہیر کے لیے اپنی تصاویر استعمال کرنے پر برہم ہو گئیں۔انوشکا شرما نے اپنی انسٹا اسٹوری پر ایک برانڈ کی ایک انسٹا پوسٹ شیئر کی ہے۔
اس پوسٹ میں موجود تصاویر میں اداکارہ مذکورہ برانڈ کے کپڑے پہنے نظر آ رہی ہیں۔اُنہوں نے اپنی اسٹوری میں برانڈ سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ آپ یہ جانتے ہوں گے کہ میری تصاویر کو تشہیر کے لیے استعمال کرنے سے پہلے آپ کو مجھ سے اجازت لینی ہے کیونکہ میں آپ کی برانڈ ایمبیسڈر نہیں ہوں۔
اُنہوں نے غصّے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ براہِ مہربانی، ان تصاویر کو ہٹا دیں۔بھارت سے مذکورہ برانڈ کے ایمبیسڈرز میں ویرات کوہلی، کے ایل راہول، کرینہ کپور خان، یوراج سنگھ، ایم سی میری کوم، اوانی لیکھارا اور ڈی چند شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ماضی میں بھی انوشکا شرما اجازت کے بغیر اپنی اور اپنے کرکٹر شوہر ویرات کوہلی کی تصاویر بنانے پر کئی پبلیکیشنز پر تنقید کر چکی ہیں۔