نئے صوبوں کا معاملہ انتہائی سنجیدہ اور پاکستان کے مستقبل سے جڑا ہے، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا معاملہ انتہائی سنجیدہ اور پاکستان کے مستقبل سے جڑا ہوا ہے۔

وزیراعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ نے اے آروائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو میں کہا ہے کہ نئے صوبوں کا معاملہ انتہائی سنجیدہ اور پاکستان کے مستقبل سے جڑا ہوا ہے، اس لیے اس پر پارلیمنٹ کے پلیٹ فارم سے ہی آگے بڑھایا جانا چاہیے اور اس پر تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان سیر حاصل بحث ہونی چاہیے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جب بھی کوئی نئی آئینی ترمیم آئے گی وہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد 28ویں ہی ہوگی۔ یہ طے کیا جانا چاہیے کہ نئی ترمیم میں کیا ہوگا، آیا اس میں صوبوں پر بات ہوگی یا کوئی اور ایشوز زیرِ بحث آئیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بہت سے ایشوز پر صوبوں اور وفاق کے درمیان بات چیت ہوتی رہتی ہے، لیکن صوبوں کے معاملے پر کوئی بارگیننگ نہیں کی جا سکتی کیونکہ عوام کی خواہشات کو مدنظر رکھنا لازم ہے اور اس معاملے پر کسی قسم کی بارگیننگ ملک کے ساتھ سراسر ناانصافی ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ خیبر پختونخوا کی ترقی کے لیے بھرپور کام کیا جائے اور دہشتگردی کے خلاف مسلح افواج کا ساتھ دیا جائے۔

رابطوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی رابطوں کو فوراً میڈیا پر نشر کر دیا جائے تو پھر ان رابطوں کی افادیت کیا رہے گی؟ جب تک کوئی حتمی بات سامنے نہ آ جائے، ان چیزوں پر تبصرہ کرنا بے معنی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ امیر جماعت اسلامی کی وزیراعظم سے ملاقات طے ہے اور امید ہے کہ اس سے تمام مسائل خوش اسلوبی سے حل ہوں گے، کیونکہ وہ عوام کے لیے آسانیاں چاہتے ہیں۔

ملکی معیشت اور مہنگائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ مہنگائی کی بنیادی وجہ جنگ ہے، جو کہ حکومتِ پاکستان کا قصور نہیں ہے۔ پاکستان کی عسکری قیادت بھی یہ بھرپور کوشش کر رہی ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کا خاتمہ ہو۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ روز عسکری قیادت اسی سلسلے میں ایران میں موجود تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی یہ جنگ ختم ہوگی، تیل اور گیس سستے ہوں گے جس سے مہنگائی میں بھی خاطر خواہ کمی آئے گی، تاہم وہ اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ مہنگائی کی وجہ سے اس وقت عوام کو کافی مشکلات کا سامنا ہے۔

WhatsApp
Get Alert