پنجاب میں 5 سال کے دوران 10 لاکھ گھر بنائیں گے، مریم نواز کا اعلان


ملتان(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت صوبے میں آئندہ 5 سال کے دوران 10 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ڈیڑھ سے پونے 2 سال میں ڈھائی لاکھ گھر بن چکے ہیں، جن میں ایک لاکھ سے زائد گھر مکمل ہوچکے ہیں اور خاندان ان میں منتقل بھی ہوگئے ہیں۔
ملتان میں اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے انہیں 5 سال میں 5 لاکھ گھر بنانے کا ہدف دیا تھا، تاہم انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کم از کم 10 لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں گے۔


وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملتان اسٹیڈیم نے ماضی میں بڑے میچ اور بڑی فتوحات دیکھی ہیں، لیکن آج یہاں منایا جانے والا جشن 25 ہزار خاندانوں کی کامیابی کا جشن ہے، جو کل تک کرائے کے مکانوں میں رہتے تھے اور آج اپنے گھروں کے مالک بن چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسکیم کے تحت ڈھائی لاکھ گھر تعمیر کیے جاچکے ہیں، جن میں سے ایک لاکھ سے زائد مکمل ہیں اور خاندان وہاں رہائش اختیار کرچکے ہیں، جبکہ تقریباً 70 ہزار گھروں کی تعمیر جاری ہے۔ کہیں دیواریں اٹھائی جا رہی ہیں، کہیں چھتیں ڈالی جا رہی ہیں اور کہیں دروازے اور رنگ و روغن کا کام ہو رہا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈیڑھ سے پونے 2 سال میں ہونے والی پیشرفت اس بات کا ثبوت ہے کہ اسکیم کے ذریعے ہزاروں خاندانوں کا اپنے گھر کا خواب پورا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ عوام سے کوئی نیا وعدہ کرنے نہیں آئیں بلکہ اب وعدوں کی تکمیل کا وقت ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تقریب میں ایسی مائیں بھی موجود ہیں جنہوں نے برسوں اور دہائیوں تک دوسروں کی چھتوں تلے زندگی گزاری، لیکن اب وہ اپنی چھت اور اپنے گھر میں زندگی گزار رہی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert