واٹس ایپ نے صارفین کا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا، پیغامات پہلے سے شیڈول کرنے کا نیا فیچر متعارف


کراچی(قدرت روزنامہ)مقبول میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے صارفین کے لیے ایک نیا اور طویل عرصے سے منتظر فیچر متعارف کرانے کا اعلان کردیا ہے، جس کے ذریعے اب صارفین اپنے پیغامات پہلے سے شیڈول کرسکیں گے اور مقررہ تاریخ اور وقت پر وہ خودکار طور پر بھیج دیے جائیں گے۔
میٹا کی ملکیت واٹس ایپ کے اس نئے فیچر کے تحت صارفین کسی بھی پیغام کو تحریر کرنے کے بعد اس کی ترسیل کے لیے اپنی مرضی کی تاریخ اور وقت کا انتخاب کرسکیں گے، جس کے بعد ایپلی کیشن خودکار طریقے سے مقررہ وقت پر پیغام متعلقہ شخص یا گروپ کو بھیج دے گی۔
نئے فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ یہ سہولت انفرادی اور گروپ چیٹس دونوں میں دستیاب ہوگی۔ صارفین صرف تحریری پیغامات ہی نہیں بلکہ ویب لنکس، تصاویر اور ویڈیوز بھی پہلے سے شیڈول کرسکیں گے۔
واٹس ایپ پر پیغام شیڈول کرنے کا طریقہ

نئے فیچر کے ذریعے پیغام شیڈول کرنا انتہائی آسان ہوگا۔ اس کے لیے صارفین کو سب سے پہلے متعلقہ چیٹ کھول کر اپنا پیغام تحریر کرنا ہوگا۔
اس کے بعد معمول کے مطابق سینڈ بٹن دبانے کے بجائے اسے کچھ دیر تک دبا کر رکھنا ہوگا، جس کے نتیجے میں پیغام شیڈول کرنے کا آپشن سامنے آجائے گا۔
صارفین اس آپشن کے ذریعے اپنی مطلوبہ تاریخ اور وقت منتخب کرسکیں گے۔ شیڈول مکمل ہونے کے بعد واٹس ایپ خودکار طور پر مقررہ وقت پر پیغام ارسال کردے گا۔
اس فیچر سے صارفین کو اہم پیغامات، سالگرہ کی مبارک باد، یاد دہانیوں اور دیگر ضروری پیغامات بروقت بھیجنے میں سہولت ملے گی، جبکہ انہیں مقررہ وقت پر خود پیغام بھیجنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

WhatsApp
Get Alert