جن شہروں میں مٹی، گھٹا، دھول اڑا کرتی تھی، مریم نواز نے اُن شہروں کو سجا دیا، وزیراعلیٰ پنجاب

ملتان (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جن شہروں میں کبھی مٹی، گھٹا اور دھول اڑا کرتی تھی آج وہ سنور چکے ہیں، جس کچے کے علاقے میں ماضی میں ڈاکوؤں کی گولیاں چلتی تھیں وہاں آج سکھ چین خوشحالی ہے، کرکٹ اسٹیڈیم میں میچز ہو رہے ہیں، اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت 5 سال میں 10 لاکھ گھر بنانے کا ہدف رکھا ہے، گزشتہ ڈیڑھ برس میں ڈھائی لاکھ گھروں کی تعمیر شروع کی گئی جن میں سے ایک لاکھ 40 ہزار مکمل ہو چکے ہیں۔
ملتان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے اور انہیں عالمی سطح پر ایوارڈز بھی ملے لیکن اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے خاندانوں کو اپنے گھروں کا مالک بنتے دیکھ کر انہیں جو خوشی ملتی ہے وہی ان کے لیے دنیا کا سب سے بڑا انعام ہے، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے، اس کے بعد محمد نواز شریف کی شکر گزار ہوں جنہوں نے اس پروگرام کا سنگِ بنیاد رکھا، نواز شریف نے کہا پانچ سال میں پانچ لاکھ گھروں کی بات کی گئی ہے، تاہم پنجاب میں پانچ سال کے دوران کم از کم دس لاکھ گھر بننے چاہئیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ڈیڑھ برس میں ڈھائی لاکھ گھروں کی تعمیر کا آغاز ہوا، جن میں سے ایک لاکھ 40 ہزار گھر مکمل ہو چکے ہیں اور خاندان ان میں رہائش پذیر ہیں، باقی گھروں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، اگر آج ملتان کرکٹ اسٹیڈیم جیسے دس اسٹیڈیم بھی ہوتے تو وہ اس اسکیم سے مستفید ہونے والے خاندانوں سے بھر جاتے، ملتان کے اس اسٹیڈیم نے بڑے بڑے میچ اور تاریخی فتوحات دیکھی ہیں لیکن آج جس فتح کا جشن منایا جا رہا ہے وہ تقریب میں موجود ان 25 ہزار خاندانوں کی فتح ہے جو کرائے کے مکانوں میں رہتے تھے، آج اپنے گھروں کے مالک بن چکے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر محض پاکستان یا ایشیا ہی نہیں بلکہ دنیا کا سب سے سستا، تیز ترین اور بڑا ہاؤسنگ منصوبہ ہے، جسے دنیا تسلیم کرتی ہے اور جس کے تحت عوام اپنے ہاتھوں سے گھر تعمیر کر کے ریکارڈ بنا رہے ہیں جبکہ حکومت سہولت فراہم کر رہی ہے، آج کوئی نیا وعدہ کرنے نہیں آئی کیونکہ اب وعدوں کا موسم گزر چکا ہے اور وعدوں کی وفا و تکمیل کا وقت ہے، جن ماؤں نے دہائیاں دوسروں کی چھتوں تلے گزاریں وہ آج 2026ء کی سردیوں میں اپنے گھر کے آنگن میں دھوپ سینک رہی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اپنی چھت اپنا گھر صرف ایک گھر نہیں بلکہ ایک بہن کی جانب سے اپنے بھائی اور بہن کے لیے، ایک ماں کی جانب سے اپنے بچے کے لیے اور ایک بیٹی کی جانب سے اپنے باپ کے لیے محبت بھرا تحفہ ہے، جن شہروں میں مٹی، گھٹا اور دھول اڑا کرتی تھی، انہیں سجا دیا گیا ہے، جس کچے کے علاقے میں کبھی ڈاکوؤں کی گولیاں چلتی تھیں، وہاں آج سکھ، چین اور خوشحالی قائم ہے اور کرکٹ اسٹیڈیم میں میچز منعقد ہو رہے ہیں۔
