فیصل واؤڈا کا سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ منظور


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہونے والے فیصل واؤڈا سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی ہو گئے اور اپنا استعفیٰ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو پیش کر دیا۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے فیصل واؤڈا کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے جبکہ سینیٹ سیکریٹریٹ نے فیصل واؤڈا کی نشست خالی قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں فیصل واؤڈا نے سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دیا ہے۔


فیصل واؤڈا نے سینیٹ کی نشست سے استعفے کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں تصدیق بھی کی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ میں نے بطور سینیٹر اپنا استعفیٰ چیئرمین سینیٹ کو پیش کر دیا ہے۔
فیصل واؤڈا کا کہنا ہے کہ یہ سیٹ عمران خان کی امانت تھی، اخلاقی طور پر اور سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں، میں نے اپنا فرض ادا کر دیا۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں اور اس کے بعد عمران خان سمیت تمام کولیگ سینیٹرز کا شکر گزار ہوں، سیاسی جدوجہد جاری رہے گی۔
فیصل واؤڈا کی سپریم کورٹ سے معافی
واضح رہے کہ فیصل واؤڈا نے دہری شہریت کے کیس میں سپریم کورٹ آف پاکستان سے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے عدالت میں سینیٹ کی نشست سے اپنا استعفیٰ پیش کر دیا تھا۔
عدالتِ عظمیٰ نے فیصل واؤڈا کی معافی تسلیم کرتے ہوئے انہیں آئندہ عام انتخابات لڑنے کے لیے اہل قرار دیا تھا اور ان کے خلاف الیکشن کمیشن اور ہائی کورٹ کا تاحیات نااہلی کا حکم کالعدم کر دیا تھا۔
سپریم کورٹ نے فیصل واؤڈا کو اپنا استعفیٰ فوری چیئرمین سینیٹ کو بھیجنے کا حکم بھی دیا تھا۔یاد رہے کہ فیصل واؤڈا پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ٹکٹ پر 2018ء میں سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔