پنجاب میں الیکشن کیلئے تاریخیں تجویز، پختونخوا کے گورنر کو بھی مراسلہ ارسال
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) الیکشن کمیشن نے پنجاب میں الیکشن کے لیے تاریخیں تجویز کردیں جب کہ خیبرپختونخوا میں الیکشن کے لیے گورنر کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس کےبعد الیکشن کمیشن نے صدر مملکت اور گورنر خیبرپختونخوا کو مراسلے تحریر کیے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب میں انتخابات کے لیے 30 اپریل سے 7 مئی تک کی تاریخیں تجویز کی ہیں۔الیکشن کمیشن نے گورنر خیبرپختونخوا کو بھی مراسلہ تحریر کیا ہے جس میں کہا گیا ہےکہ صوبے میں الیکشن کے حوالے سے آپ کے جواب کے منتظر ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں صدر مملکت کو خط ارسال کیا گیا ہے۔سپریم کورٹ کے فیصلے سے قبل صدر مملکت نے دونوں اسمبلیوں میں الیکشن کے لیے 9 اپریل کی تاریخ دی تھی۔بعد ازاں سپریم کورٹ نے معاملے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے اپنے فیصلے میں 90 دنوں میں دونوں صوبوں میں انتخابات کا حکم دیا ہے۔