رمضان المبارک ،مسجد الحرام میں زم زم کی تقسیم کا بڑا منصوبہ تیار،20 ہزار مقامات مختص
مدینہ منورہ(قدرت روزنامہ)رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں سعودی حکومت نے زائرین کیلئے زم زم کی تقسیم کے حوالے سے بڑامنصوبہ بنایا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق المسجد الحرام اورمسجد نبوی کےامورکی جنرل پریزیڈنسی نے ماہ مقدس رمضان المبارک کے دوران دونوں مقدس ترین مساجد کے زائرین کے لیے 40 ملین لیٹر زم زم کا پانی تقسیم کرنے کے لیے 20 ہزار مقامات کو مختص کردیا ۔
اس انتظام میں بین الاقوامی معیارکو مد نظر رکھتے ہوئے پاکیزگی اورصفائی کو یقینی بنانے کے لیےجدید ترین میکانزم اورٹیکنالوجیز کا استعمال کیا گیا ہے۔پانی کی فراہمی میں زائرین کی سہولت کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے۔المسجد الحرام میں ماء زم زم تقسیم کرنے کے شعبہ کے ڈائریکٹر عبد الرحمن الزھرانی نے بتایا کہ انتظامیہ نے بابرکت پانی کے 30 ہزار کنٹینر تیار کر کے پوری مسجد میں تقسیم کر دیئے ہیں۔
اندرونی اوربیرونی حصوں میں ماربل کی پانی کی سبلیں الگ سے موجود ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق مسجد حرام میں ان سبیلوں کی تعداد 155 ہے۔عبد الرحمن الزھرانی نے بتایا کہ ادارہ نے روبوٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے زمزم کا پانی فراہم کر کے ایک بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ پانی پلانے کے لیے 80 سمارٹ گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
دوسری طرف مسجد نبوی ﷺ میں رمضان المبارک میں لوگوں کی بڑی تعداد کا احاطہ کرنے کے لیے زمزم کے پانی کی بوتلیں فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کئے گئے ہیں۔اس منصوبے میں جنازے کے مقامات ،مکبر کی جگہ، معذور افراد کے مقامات، مردوخواتین کے ہالوں کا احاطہ کرتے ہوئے مقدس پانی بھرنے کے 250 ذخیرے فراہم کیے جائیں گے۔الزھرانی نے کہا کہ انتظامیہ نے 24 گھنٹے کے دوران تمام مقامات پرفالو اپ کو مضبوط بنانے کی کوشش بھی کی ہے تاکہ چلنے کے مقامات اوردیگر جگہوں پر تمام ضروریات کی حفاظت اور کوریج کو یقینی بنایا جا سکے۔