عمران خان کی حمایت سی آئی اے جاسوس زلمے خلیل زاد پیش پیش ہے، حافظ حمد اللّٰہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکمران اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی حمایت میں سی آئی اے جاسوس زلمے خلیل زاد پیش پیش ہے۔زلمے خلیل زاد کے ٹوئٹ پر حافظ حمد اللّٰہ نے ردعمل دیا اور کہا کہ پاکستان کے خلاف دھمکی آمیز ٹوئٹ کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ زلمےخلیل زاد کا عمران کی حمایت میں ٹوئٹ پاکستان دشمنی اور عمران دوستی کا ثبوت ہے۔پی ڈی ایم ترجمان نے مزید کہا کہ زلمے خلیل زاد مسلمان، افغان اور پاکستان دشمنی میں امریکا سے چند قدم آگے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتا تھا امریکا نے میری حکومت گرائی، اب سی آئی اے کا جاسوس زلمےخلیل زاد ان کی حمایت میں پیش پیش ہے۔
حافظ حمد اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ عمران خان زلمے خلیل زاد سے مبینہ خفیہ ملاقاتیں اور امریکی گانگریس مینوں سے رابطے کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ امریکی سی آئی اے کی آشیرباد سے اقتدار میں آکر پاکستانی زلمےخلیل زاد بننا چاہتے ہیں، عمران امریکی مفادات کے تحفظ کیلئے پاکستان کی آزادی و خودمختاری بھی بیچ سکتے ہیں۔پی ڈی ایم ترجمان کا کہنا تھا کہ قوم عمران خان جیسےعالمی اسٹیبلشمنٹ کے مہرے کو اقتدار میں نہیں دیکھنا چاہتی۔