شادی کے بارے سوچ رہا ہوں، جلد اعلان کروں گا: اسد ملک
لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار اسد ملک نے کہا ہے کہ شادی کے نام سے خوف آتا ہے اور تنہائی پسند انسان ہوں، لیکن اب جلد ہی شادی کرنے والا ہوں۔اسد ملک پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار ہیں، ڈرامہ ’ کنیز ‘ میں صائمہ نور کے مدمقابل جاگیردار کے طور پر ان کا کردار بہت متاثر کن تھا، انہوں نے ’ دشت ‘، ’ شب آرزو کا عالم ‘ اور موت جیسے ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
معروف اداکار کو فٹنس اور ہتھیاروں کا بھی شوق ہے اور وہ ان پر کافی زیادہ رقم بھی خرچ کرتے ہیں، لیکن ان کے بہت سے مداح نہیں جانتے کہ اداکار ابھی تک غیر شادی شدہ ہیں اور جو اس حوالے سے جانتے ہیں وہ ابھی تک شادی نہ کرنے کی وجہ جاننا چاہتے ہیں۔
حال ہی میں نجی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اسد ملک نے زندگی کے مختلف پہلوؤں، کام اور شادی کے معاملات کے حوالے سے کھل کر بات کی اور بتایا کہ میرے حوالے سے کئی لوگوں کو یہ نہیں معلوم کہ میں نے ابھی تک شادی نہیں کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے شادی کے نام سے خوف آتا ہے، تنہائی پسند انسان ہوں اور کسی کے ساتھ اپنی تنہائی باٹنا پسند نہیں ہے پھر چاہے وہ بیوی ہی کیوں نہ ہو لیکن اب شادی کرنے کے بارے میں سوچ رہا ہوں اور جلد ہی اس کا اعلان کروں گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حسن پر ذہانت کو ترجیح دوں گا کیونکہ حسین خاتون انسان کو خراب کر سکتی ہے جبکہ ذہین خاتون صحیح راستہ دکھا سکتی ہے۔