پنجاب میں ژالہ باری سے گندم کی پیداوار میں 50 فیصد کمی کا خدشہ

لاہور(قدرت روزنامہ)کسان اتحاد پاکستان کے چیئرمین ملک خالد کھوکھر کا کہنا تھا کہ حالیہ ژالہ باری سے پنجاب کے اکثر شہروں میں گندم کی کھڑی فصلیں متاثر ہوئی ہیں . پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے مختلف علاقوں میں حالیہ ژالہ باری سے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے

اور اس قدرتی آفت سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی فصل گندم کی ہے .

کسان اتحاد پاکستان کے چیئرمین ملک خالد کھوکھر نے گفتگو میں کہا کہ ملک کے دوسرے علاقوں کی طرح پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی حالیہ ژالہ باری سے فصلیں تباہ ہوئیں . انہوں نے کہا کہ ژالہ باری سے متاثر ہونے والے علاقوں میں منڈی بہاوالدین، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژنز کے کئی شہر شامل ہیں . ان شہروں میں اولوں اور شدید بارش سے سب سے زیادہ نقصان گندم کی تیار فصل کو پہنچا . انہوں نے کہا کہ ان کے علاوہ دوسرے شہروں میں بھی فصلیں متاثر ہوئی ہیں تاہم وہ نقصان جزوی تھا . خالد کھرل نے ژالہ باری کے باعث پہنچنے والے نقصان سے متاثرہ علاقوں میں گندم کی پیداوار میں اوسطاً 50 فیصد کمی کے خدشے کا اظہار کیا . جن علاقوں میں شدید ژالہ باری اور بارش ہوئی ہے وہاں سبزیاں اور باغات بھی متاثر ہوئے ہیں، جن میں آم اور الائچی کے پھل کو بھی نقصان پہنچا ہے . ان کا کہنا تھا کہ آبادی اور ہاوسنگ سوسائٹیوں میں غیر معمولی اضافہ کی وجہ سے ملک کو پہلے ہی اناج کی کمی کا سامنا ہے . اب موسمی اثرات کی وجہ سے مذید مشکلات بڑھ سکتی ہیں،

اس لیے حکومت کو بے آباد رقبے کاشت کاروں کو الاٹ کر دینا چاہیے . ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت نوید عصمت کاہلوں نے بتایا کہ ژالہ باری کے بعد مقامی ٹیموں کو سرویز کا ٹاسک دے دیا گیا ہے

اور نقصانات کا مکمل تخمینہ لگانے میں چار سے پانچ دن لگ جائیں گے . نوید عصمت کا کہنا تھا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ابھی گندم کی فصل مکمل تیار نہیں ہے اس لیے ژالہ باری سے بہت زیادہ نقصان دکھائی نہیں دے رہا . البتہ جہاں جہاں فصلیں گری ہیں وہاں پیدوار کم ہو سکتی ہے .

. .

متعلقہ خبریں