انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں کرائے جائیں، پی ٹی آئی درخواست پر نوٹس جاری
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی عام انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں کروانے کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا۔
پشاور ہائی کورٹ میں دائر درخواست کی سماعت جسٹس شکیل احمد اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی، اس موقع پر ایڈوکیٹ جنرل اور درخواست گزار وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار وکیل معظم بٹ نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے عدلیہ کی نگرانی میں انتخابات کرانے کے لئے درخواست دائر اس لیے کہ کیونکہ آرٹیکل 218 (3) کے تحت صاف و شفاف اور غیر جانبدارالیکشن کرانا لازمی ہیں۔
معظم بٹ نے کہا کہ دوسری طرف گورنر اور نگراں صوبائی حکومت متنازع ہوچکی، پی ٹی آئی کو انتخابی مہم کی اجازت نہیں ہے، پارٹی کی مرکزی، صوبائی اور نچلی سطح کی قیادت گرفتار اورانہیں مقدمات سامنا ہے۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا اور سماعت 18 دسمبر تک ملتوی کردی۔