اسلام آباد

ہائیکورٹ کی ہدایت پر سائفر کیس کا ٹرائل 4 ہفتوں میں مکمل کرنا ہے: خصوصی عدالت


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر سائفر کیس کی آج کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
عدالت کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہدایت کی ہے کہ سائفر کیس کا ٹرائل 4 ہفتوں میں مکمل کرنا ہے۔
تحریری حکم نامے کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو آج عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، گزشتہ سماعت پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے سیکیورٹی رپورٹ جمع کروائی۔
عدالت کا کہنا ہے کہ عدالت نے چیف کمشنر آفس اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کو جیل ٹرائل کے انتظامات کے لیے خط لکھا، وزارتِ قانون اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے خط کا جواب عدالت میں جمع کروا دیا۔
تحریری حکام نامے کے مطابق 28 نومبر کے آرڈر کی روشنی میں سائفر کیس کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں ہو گا، چیئرمین پی ٹی آئی کی عدالت پروڈکشن سے متعلق درخواست پر نوٹس جاری کیے جاتے ہیں۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود کی حاضری سے متعلق سماعت کل اڈیالہ جیل میں 9 بجے ہو گی۔

متعلقہ خبریں