اسلام آباد

شہباز حکومت کا اہم فیصلہ، اہم تعیناتیوں میں وزیراعظم کا اختیار ختم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)شہباز شریف حکومت کا بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے جس کے تحت مختلف وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز میں اہم تعیناتیوں اور آسامیوں کی تخلیق میں وزیراعظم کا اختیار ختم کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم کا اختیار وزیروں، مشیروں، وزرائے مملکت اور سیکرٹریز کے سپرد کردیا گیا ہے، بطور وزیراعظم عمران خان نے یہ اختیار اپنے پاس رکھا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی اجازت سے وفاقی کابینہ سے سرکیولیشن سمری پر سفارشات کی منظوری لی گئی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق مختلف وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز میں ماہرین اور پروفیشنلز تعینات کرنے کا پلان ہے اور اس حوالے سے وفاقی حکومت نے اہم فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز میں ماہرین اور پروفیشنلز کی آسامیاں تخلیق کرنے کے لیے وزیراعظم کا اختیار ختم ہوگیا ہے، اب ماہرین اور پروفیشنلز کی آسامی وزارت خزانہ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی مشاورت سے تخلیق کرے گی۔
ذرائع کے مطابق وزارتوں اور ڈویژنز میں کنسلٹنٹس کی تعیناتیاں متعلقہ وفاقی وزیر، وزیر مملکت یا مشیر جبکہ ریسرچ ایسوسی ایٹس اورینگ پروفیشنلز کی تعیناتی متعلقہ سیکرٹری کی منظوری سے ہوگی تاہم ٹیکنیکل ایڈوائزرز کی تعیناتی کے لیے وزیر اعظم کی منظوری ضروری قرار دی گئی ہے۔
تعیناتیوں کاعمل مسابقتی عمل اور اسپیشل سلیکشن بورڈ کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں