تین پاکستانی کھلاڑی اسکواش چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ٹاپ سیڈ عاصم خان، طیب اسلم اور ناصر اقبال سمیت تین پاکستانی کھلاڑی چیف آف دا نیول اسٹاف اسکواش چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے جبکہ پاکستان ہی کے نور زمان کو کوارٹر فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑگیا۔
روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں جاری چیمپئن شپ کے چوتھے روز کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں پاکستانی کھلاڑی ٹاپ سیڈ عاصم خان نے ہانگ کانگ کے ٹانگ وانگ کو 11-6، 11-7، 11-9 اور 11-8 سے ہراکر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
پاکستانی کھلاڑی ناصر اقبال نے ملائشیا کے سیڈڈ کھلاڑی شفیق کمال کو اپ سیٹ شکست دیکر سیمی فائنل کوالیفائی کیا۔
پاکستان ہی کے طیب اسلم، ہانگ کانگ کے میتھیو لائے کو ہرا کر سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوئے جبکہ نمبر چار سیڈ مصر کے محمد ذکریا نے پاکستان کے نور زمان کو شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔
ایونٹ کے سیمی فائنل کل کھیلے جائیں گے جہاں طیب اسلم کا مقابلہ مصر کے محمد ذکریا سے اور ناصر اقبال کا مقابلہ ٹاپ سیڈ عاصم خان سے ہوگا۔
اسکواش چیمپئن شپ کے ویمنز ایونٹ میں روشنا محبوب اور مہوش علی نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔
بوائز انڈر 15 میں کامران خان اور عبدالاحد نے فائنل میں جگہ بنالی جبکہ بوائز انڈر 13 میں حذیفہ شاہد اور فہد خان اور گرلز انڈر 15 میں دامیہ خان اور ماہ نور علی نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔