وڈھ کو بھتہ گیروں کے حوالے نہیں کریں گے، جھوٹے مقدمات کی کوئی وقعت نہیں، بی این پی
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی بیا ن میں کہا گیا ہے کہ وڈھ کو کسی صورت ڈیتھ اسکواڈ کے کارندوں کے حوالے نہیں کریں گے تاجران سمیت تمام طبقہ فکر کے جان ومال کی حفاظت پہلے بھی کی اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے بھتہ گیر رنگے ہاتھوں پکڑے گئے جن سے اسلحہ بھی بر آمد کیا گیاایف آئی آر درج ہونے کے باوجود ان کی رہائی بہت سے سوالات جنم دیتا ہے ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جاتا لیکن انتظامیہ کی جانبداری کا مظاہرہ کرنے کے باوجود بھتہ خوروں کو رہا کردیا تاجران سمیت ہر طبقہ فکر کے تحفظ کو یقینی بنا نے کے خواہاں ہیں سردارزادہ گورگین مینگل ودیگر کے خلاف مقدمات درج کرنا قابل مذمت ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی قائد سردار اختر جان مینگل سمیت ان کے خاندان نے وڈھ میں آباد ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو تحفظ یقینی بنانے امن وامان کی بحالی اور حفاظت کیلئے اپنا مثبت سیاسی کردار ادا کیا ہے وڈھ اور جھالاوان کے عوام بخوبی جانتے ہیں کہ دہائیوں سے کون لوگ ہیں جن کے ہاتھوں عوام کا جان ومال چادر وچاردیواری محفوظ نہیں بھتہ گیری، غنڈہ گردی امن وامان کو تہہ وبالا کرنے میں کن کا ہاتھ ہے درجنوں واقعات ایسے ہیں جن میں ڈیتھ اسکواڈ کے اہلکار شامل ہیں۔ ان کا مقصد علاقے میں خوف وہراس پھیلانا اور تخریب کاری کرنا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ میر جہانزیب مینگل کی کامیابی اور انتخابات میں تواتر کے ساتھ شکست سے حواس باختہ ہونے کے بعد اب وڈھ کے حالات کو بگاڑ نے کی کوشش کی جارہی ہے جھوٹے مقدمات کی کوئی قانونی وقعت نہیں، انتظامیہ بھتہ گیروں کی گرفتار ی کو یقینی بنائے نہ کہ ان کے سامنے بے بس بنے فوری طور پر جھوٹے مقدمہ کو ختم کیا جائے۔