کھیل

ٹی 20 ورلڈکپ میں پاک، بھارت میچ میں اشتہارات کیلئے 10 سیکنڈ کا معاوضہ 30 لاکھ روپے

ممبئی(قدرت روزنامہ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں اشتہارات کیلئے نشریاتی ادارے نے صرف 10 سیکنڈ کے اشتہار کیلئے 25 سے 30 لاکھ روپے طلب کر لئے۔
ایک رپورٹ کے مطابق ٹی 20ورلڈ کپ کے میچز دکھانے والے نشریاتی ادارے کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں کمپنیوں سے 10 سیکنڈ کی جگہ کیلئے 25 سے 30 لاکھ روپے طلب کئے جا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ ادارے کی جانب سے کسی بھی سپورٹس مقابلے کیلئے 10 سیکنڈ کا یہ سب سے زیادہ معاوضہ ہے اور اگر یہ کہا جائے کہ اشتہارات کی دنیا میں ایک نیا ریکارڈ بن گیا ہے تو کچھ غلط نہ ہو گا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کا آغاز 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور عمان میں ہو رہا ہے جس میں روائتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 24 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے ٹی 20ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے ٹکٹ آن لائن فروخت کیلئے پیش کئے گئے تو چند گھنٹوں میں ہی تمام ٹکٹ فروخت ہو گئے تھے۔
ویب سائٹ پر خریداری کیلئے ونڈو کھلتے ہی ہزاروں کی تعداد میں شائقین ٹکٹ کے حصول کیلئے کوشاں تھے، 1500 درہم کے پریمیم اور 2600 درہم کے پلاٹینم ٹکٹ ہی باقی رہ گئے تھے تاہم یہ بھی اگلے روز تک ختم ہو گئے۔

متعلقہ خبریں