اسلام آباد میں کچھی کینال منصوبے سے متعلق اجلاس، پانی کی فراہمی بحال کی جائے، سرفراز بگٹی
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر پلاننگ احسن اقبال کی زیر صدارت کچھی کینال منصوبے سے متعلق پلاننگ کمیشن کا اجلاس منگل کو اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی صوبائی وزراءمیر صادق عمرانی، حاجی علی مدد جتک چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی حافظ عبدالباسط، سیکرٹری آبپاشی حافظ عبدالماجد اور متعلقہ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کچھی کینال سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 2002 کو شروع ہونے والا کچھی کینال کا منصوبہ طویل عرصے تک التواءکا شکار رہا 2013 میں اس منصوبے پر دوبارہ پیش رفت شروع ہوئی جس کے بعد فیز 1 کے تحت بلوچستان میں ایک لاکھ ایکٹر غیر آباد اراضی سیراب ہونا شروع ہوئی بد قسمتی سے 2022 کے سیلاب سے کچھی کینال کو نقصان پہنچا اور آبی فراہمی بند کردی گئی کینال کی بندش کے باعث کمانڈ ایریا میں کاشتکاری بھی بند ہوگئی اور زراعت سے وابستہ افراد بیروزگار ہوگئے صورتحال اب یہ ہے کہ لوگوں کو پینے کا پانی بھی دستیاب نہیں اور نقل مکانی شروع ہوچکی ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے تجویز دی کہ ڈی سلٹنگ کرکے کچھی کینال میں پانی کی فراہمی بحال کی جائے کچھی کینال میں پانی کی عدم دستیابی کے باعث زراعت پیشہ افراد کسمپرسی کا شکار ہیں مستقبل میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی حکمت عملی کی تشکیل سے قبل کینال کو بحال کیا جانا ضروری ہے انہوں نے کہا کہ سیلابی روک تھام کی منصوبہ بندی ایک طویل عمل ہے تب تک پانی کی ترسیل شروع کردینی چائیے تاکہ لوگوں کو روزگار میسر آسکے اور بے چینی ختم ہو اجلاس میں وفاقی وزیر پلاننگ احسن اقبال نے وزیر اعلٰی بلوچستان کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وسیع المدتی منصوبے سے قبل کچھی کینال میں فوری طور پر پانی بحال کیا جائے گا اور آئندہ پانچ سے چھ ماہ میں کچھی کینال میں پانی کی ترسیل شروع کردی جائے۔