نامعلوم ملزمان پی ٹی آئی رہنما امتیاز چوہدری کو اینٹی کرپشن ٹیم سے لے اُڑے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نامعلوم افراد پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی امتیاز چوہدری کو اینٹی کرپشن ٹیم سے لے کر فرار ہوگئے ہیں۔
سرکل آفیسر اینٹی کرپشن آفتاب حیدر کے مطابق گجرات کے علاقے شادیوال روڈ پرنامعلوم کارسواروں نے رہنما پی ٹی آئی و رکن قومی اسمبلی امتیاز چوہدری کو عدالت میں پیشی کے لیے لے جانے والی اینٹی کرپشن ٹیم کی گاڑی پر فائرنگ کی اور امتیاز چوہدری کو لے کر فرار ہوگئے۔
اینٹی کرپشن کے مطابق اینٹی کرپشن ٹیم امتیازچوہدری کو منڈی بہاؤالدین لے کر جارہی تھی، اینٹی کرپشن نے امتیاز چوہدری کو عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ لے رکھا تھا، آج انہیں دوبارہ سول جج کی عدالت میں پیش کے لیے لے جایا جارہا تھا۔
یاد رہے کہ اینٹی کرپشن نے پی ٹی آئی رہنما امتیاز چوہدری کو 25 جولائی کو ان کے گھر سے گرفتار کیا تھا، ان پر ترقیاتی اسکیموں میں کِک بیکس وصولیوں کا الزام ہے۔