ایس سی او اجلاس: انتظامیہ نے شہر بھر کے ہوٹلز اور شادی ہالز کو نوٹسز دینے کی تردید کردی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے موقع پر جڑواں شہروں میں ہوٹلز اور شادی ہالز کو نوٹسز دیے جانے کی خبروں کو انتظامیہ نے مسترد کردیا۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صرف کلب روڈ پر واقع شادی ہالز اور ہوٹلز کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ صرف یہ شادی ہالز اور ہوٹلز ایس سی او اجلاس کے دوران کوئی عوامی پروگرام نہیں رکھیں گے۔
ترجمان کے مطابق ہوٹلز اور شادی ہالز کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر سرگرمیاں محدود کرنے کی درخواست کی گئی ہے، ضلعی انتظامیہ روٹ پر واقع ہوٹلز اور شادی ہالز کی انتظامیہ سے رابطے میں ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نوٹس ملنے کی صورت میں ہی سرگرمیاں محدود کرنا ہوں گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کی راولپنڈی اور اسلام آباد کے شادی ہالز، کیفے، ریسٹورینٹ اور اسنوکر کلب بند کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ حکومت نے ایس سی او اجلاس کے موقع پر 14 سے 16 اکتوبر تک عام تعطیلات کا اعلان کر رکھا ہے۔