اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ غیر محصول شدہ شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا .
پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی .
وزیرخزانہ نے امریکی سفیر کو اصلاحات پر بریفنگ دی . وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایف بی آر اصلاحات کی منظوری دی ہے . حکومت ٹیکس سے جی ڈی پی کا تناسب 13 . 5 فیصد تک بڑھانے کے لیے پرعزم ہے . غیر محصول شدہ شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا .
وزیرخزانہ کا مزید کہنا تھا کہ ایف بی آر کی اصلاحات میں ماہرین کو پی آر اے ایل کے بورڈ میں شامل کیا گیا ہے . موسمیاتی تبدیلی اور غذائی قلت پاکستان کی طویل المدتی ترقی کو خطرے میں ڈال رہی ہیں . پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون کا خواہاں ہے .
امریکی سفیر نے پاکستان کی اقتصادی استحکام کے لئے کی گئی اصلاحات کو سراہتے ہوئے پاکستان میں اعلی معیار کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا . ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیکس اور توانائی اصلاحات قابل تعریف ہیں .