آئی پی ایل 2025 کے لیے کھلاڑیوں کی بولی کا آغاز، سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے 10 کھلاڑی کون سے ہیں؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 2025 سیزن کے لیے10 فرنچائزز میں سے ہر ایک نے اپنے کھلاڑیوں کی فہرست کا اعلان کر دیا ہے جبکہ کچھ کھلاڑیوں کی نیلامی کا آغاز ہونے والا ہے، جن میں رشبھ پنت، کے ایل راہول اور شریاس آئیر جیسے کچھ بڑے نام آئندہ میگا نیلامی کے لیے دستیاب ہوں گے۔
120 کروڑ روپے کے بجٹ کی حد کے ساتھ ہی فرنچائزز کو اپنے کھلاڑیوں کو اپنی ٹیم میں برقرار رکھنے کے لیے کچھ مشکل فیصلے کرنے پڑے ہیں، ان میں کل 6 کھلاڑی ہیں، جن میں 5 ملکی اور 2 غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔
آئی پی ایل 2025 سیزن کے لیے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے ٹاپ 10 کھلاڑی جنہیں فرنچائزز نے بھاری معاوضے پر اپنی ٹیم میں برقرار رکھا۔
ہائنرک کلاسن کا ’سن رائزرز حیدرآباد‘ کے ساتھ 23 کروڑ روپے کے عوض معاہدہ
ہائنرک کلاسن رواں سیزن میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑی کے طور پر سامنے آئے ہیں جنہوں نے سن رائزرز حیدرآباد کے ساتھ 23 کروڑ روپے کی بھاری رقم کے عوض معاہدہ کیا ہے۔ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں اپنی حالیہ بیٹنگ کے لیے مشہور جنوبی افریقی اسٹار کو میچ ونر کھلاڑی کے طور پر جانا جاتا ہے۔
گزشتہ سیزن میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے خلاف شاندار سنچری اسکور کرنے والے ہائنرک کلاسن کو دنیا بھر کی فرنچائز لیگز میں کھیلنے کا وسیع تجربہ ہے جس کی وجہ سے انہیں سن رائزرز کی 2025 کی آئی پی ایل ٹیم کا اہم اور قیمتی اثاثہ مانا جاتا ہے۔
ویرات کوہلی کا ’رائل چیلنجرز بنگلور‘کے ساتھ 21 کروڑ روپے کے عوض معاہدہ
بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بیٹر ویرات کوہلی نے رائل چیلنجرز بنگلور(آر سی بی )کے ساتھ ہی اپنا سفر جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اس کے لیے انہوں نے فرنچائز کے ساتھ 21 کروڑ روپے کے عوض معاہدہ کیا ہے۔ آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے اور لیگ کے سب سے مستقل کھلاڑیوں میں سے ایک ویرات کوہلی نہ صرف آر سی بی کی ریڑھ کی ہڈی کے طور پر جانے جاتے ہیں بلکہ ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔
رائل چیلنجرز بنگلور نے ان کو ٹیم میں برقرار رکھنا تقریباً ختم کر دیا تھا لیکن آر سی بی نے ان کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کے لیے انہیں بھاری معاوضے کے عوض پھر ٹیم میں لے لیا۔
نکولس پورن کا ’لکھنؤ سپر جائنٹس‘ کے ساتھ 21 کروڑ روپے کے عوض معاہدہ
لکھنؤ سپر جائنٹس نے ایک حیران کن قدم اٹھاتے ہوئے کیریبین وکٹ کیپر بلے باز نکولس پورن کو اپنے سابق کپتان کے ایل راہول کی جگہ ٹیم میں لے لیا ہے، لکھنؤ سپر جائنٹس نے 21 کروڑ روپے کے عوض فرنچائز کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ نکولس پورن، جنہوں نے پچھلے سیزن میں کچھ متاثر کن اننگز کھیلی تھیں، کو ایل ایس جی کی ٹیم میں زبردست اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کے جارحانہ انداز اور تجربے کو دیکھتے ہوئے فرنچائز نے ان کے ساتھ بھاری معاوضے کے عوض نیا معاہدہ کیا ہے۔
رتوراج گائیکواڈ کا ’چنئی سپر کنگز‘ کے ساتھ 18 کروڑ روپے کے عوض معاہدہ
چنئی سپر کنگز کے رتوراج گائیکواڈ کے بارے میں افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ان کی جگہ ممکنہ طور پر رشبھ پنت کو شامل کیا جا سکتا ہے۔ تاہم چنئی سپر کنگز نے 18 کروڑ روپے میں اپنے کپتان کو ٹیم میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا اور ان کی قیادت اور بلے بازی کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اپنے پرسکون انداز اور مسلسل کارکردگی کے لیے جانے جانے والے گائیکواڑ چنئی سپر کنگز کے ٹاپ آرڈر کا ایک اہم حصہ رہے ہیں۔
رویندر جڈیجا کا چنئی سپر کنگز کے ساتھ 18 کروڑ روپے کے عوض معاہدہ
رتوراج گائیکواڑ کے ساتھ ساتھ چنئی سپر کنگز نے رویندر جڈیجا کے ساتھ بھی 18 کروڑ روپے کے عوض معاہدہ کر لیا ہے۔ رویندر جڈیجا تجربہ کار آل راؤنڈر بلے باز اور گیند دونوں میں بے مثال مہارت رکھنے میں مشہور ہیں اور میدان پر چنئی سپر کنگز کے لیے ایک قیمتی دفاعی اثاثے کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ رویندر جڈیجا کو وسیع تجربے، بہترین بلے اور گیند بازی کی وجہ سے چنئی سپر کنگز میں اہم مقام حاصل ہے۔
جسپریت بمراہ کا ’ممبئی انڈینز‘کے ساتھ 18 کروڑ روپے کے عوض معاہدہ
ممبئی انڈینز نے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو 18 کروڑ روپے کے عوض معاہدہ کر کے اپنی ٹیم میں برقرار رکھا ہے۔ اپنی شاندار بولنگ اور ناقابل یقین کنٹرول کے لیے جانے جانے والے بمراہ ’لیگ‘ کے سب سے خطرناک گیند بازوں میں سے ایک ہیں۔ ان کی ٹیم میں موجودگی سے ممبئی انڈینز کے بولنگ اٹیک کو زبردست تقویت ملتی ہے، انہیں آئی پی ایل 2025 سیزن کے لیے ایک خطرناک اور اہم بولر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
سنجو سیمسن کا ’راجستھان رائلز‘ کے ساتھ 18 کروڑ روپے کے عوض معاہدہ
راجستھان رائلز نے اپنے کپتان سنجو سیمسن کو حالیہ میچوں میں شاندار کارکردگی کے بعد 18 کروڑ روپے کے عوض اپنی ٹیم میں برقرار رکھا ہے، انہوں نے حال ہی میں بنگلہ دیش کے خلاف پہلی ٹی 20 سنچری بھی مکمل کی تھی۔ اپنی شاندار بیٹنگ کے لیے مشہور سیمسن کا مستقل فارم میں رہنا انہیں راجستھان کے لیے ایک اہم کھلاڑی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
یشسوی جیسوال کا ’راجستھان رائلز‘ کے ساتھ 18 کروڑ روپے کے عوض معاہدہ
یشسوی جیسوال صرف 22 سال کی عمر میں تیزی سے بھارت کے ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں میں سے ایک بن گئے ہیں جس کے باعث راجستھان رائلز نے انہیں 18 کروڑ روپے کے عوض اپنی ٹیم میں شامل رکھا ہے۔ غیر معمولی مہارت کے حامل ایک ہونہار نوجوان بلے باز جیسوال اپنے بے خوف کھیلنے کے انداز سے جانے جاتے ہیں۔
پیٹ کمنز کا ’سن رائزرز حیدرآباد‘ کے ساتھ 18 کروڑ روپے کے عوض معاہدہ
آئی پی ایل 2024 میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑیوں میں سے ایک آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز کے ساتھ ’سن رائزرز حیدرآباد‘ نے 18 کروڑ روپے کے عوض میں معاہدہ کیا ہے۔ بولر اور شاندار بلے باز ی کے باعث اپنی دوہری صلاحیتوں کے لیے جانے جانے والے پیٹ کمنز قائدانہ صلاحیتوں کے حامل کھلاڑی ہیں جو ’سن رائزرز حیدرآباد ‘کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوں گے۔
راشد خان کا ’گجرات ٹائٹنز‘ کے ساتھ 18 کروڑ روپے کے عوض معاہدہ
افغانستان کے مایہ ناز اسپین اسٹار راشد خان کے ساتھ ’گجرات ٹائٹنز‘نے 18 کروڑ روپے کے عوض معاہدہ کر کے اپنی ٹیم میں برقرار رکھا ہے۔ دنیا بھر کی فرنچائز لیگز میں مستقل کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے راشد خان کو گراؤنڈ میں مشکل لمحات میں وکٹیں حاصل کرنے کی صلاحیت کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔ ان کی مہارت اور ورسٹائل ٹیلنٹ نے انہیں گجرات کی بولنگ لائن اپ میں اہم مقام حاصل ہے۔