کراچی (قدرت روزنامہ) مقامی عدالت نے سگی بیٹی سے زیادتی کرنیوالےدرندہ صفت باپ کو 10 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی .
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وسطی نے باپ کی شادی شدہ سگی بیٹی سے جنسی زیادتی کے مقدمے کا فیصلہ سنادیا .
استغاثہ جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا . عدالت نے ملزم عبد الکریم کو 10 سال قید بامشقت کی سزا سنادی . عدالت نے ملزم پر 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کردیا . عدالت نے فیصلے میں کہا کہ جرمانہ کی عدم ادائیگی پر ملزم کو 3 ماہ مزید قید کاٹنی ہوگی . عدالت نے کہا کہ متاثرہ خاتون اپنے والد کو معاف کرنا چاہتی ہیں تاہم جرم سنگین نوعیت کا ہے . ایسے عناصر کو سزا دینا اشد ضروری ہے . پراسیکیوٹر حنا ناز نے موقف دیا کہ واقعہ جنوری 2022 کو پیش آیا تھا . ملزم نے شوہر اور بچوں کی عدم موجودگی میں گھر آکر بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنایا . متاثرہ خاتون نے اپنے 164 کے بیان میں بھی اپنے والد کو مورد الزام ٹھہرایا . دوران ٹرائل ملزم نے صحت جرم سے انکار کیا تھا . ملزم نے الزام لگایا کے داماد نے اپنی بیوی کے ذریعے اس سے 5 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا . پیسے نا دینے پر غلط الزام پر مقدمہ درج کروایا گیا . عدالت نے فیصلے میں کہا کہ ملزم اپنی اس بات کو ثابت کرنے میں ناکام رہا . ڈی این اے رپورٹ نے بھی ملزم کیخلاف الزام کو ثابت کیا ہے . ایسی حرکات سے معاشرے میں خواتین میں بے چینی پھیل رہی ہے . پولیس کے مطابق ملزم کیخلاف تھانہ شاہراہِ نور جہاں میں مقدمہ درج کیا گیا تھا .
. .