وزیراعظم کی چینی کی قیمت میں اضافے، ٹیکس چوری پر شوگر ملز و ڈیلرز کیخلاف کارروائی کی ہدایت
ایف بی آر، آئی بی اور ایف آئی اے شوگر سیکٹر میں سیلز ٹیکس کی چوری کے سدباب کو یقینی بنائیں، وزیراعظم
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شوگر ملز اور شوگر ڈیلرز کے خلاف ایف بی آر، ایف آئی اے اور آئی بی کو چینی کی فروخت پر ٹیکس چوری، غیر دستاویزی سیلز اور قیمتوں میں اضافے کی روک تھام کے لیے مشترکہ کارروائی کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم کی ہدایت پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جس کے مطابق ایف بی آر، آئی بی اور ایف آئی اے شوگر سیکٹر میں سیلز ٹیکس کی چوری کے سدباب کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شوگر کرشنگ سیزن شروع ہو رہا ہے لہٰذا شوگر ملز اور ڈیلرز سے جی ایس ٹی کی 100 فیصد وصولی کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے شوگر ملز میں کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے ذریعے چینی کی ذخیرہ اندوزی نہیں ہو سکے گی اور قیمتوں میں توازن رہے گا۔ ٹیکس چوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث شوگر ملز مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کیمروں کے ذریعے شوگر ملز کے پیداواری عمل اور ذخیرہ اندوزی پر نظر رکھی جائے گی جبکہ سیلز ٹیکس کی ادائیگی یقینی بنائی جائے، چینی کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اس کے ساتھ، وزیراعظم نے شوگر سٹہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیل، سگریٹ، سیمنٹ اور مشروبات سمیت دیگر شعبوں میں بھی اسی طرح کے اقدامات کیے جائیں۔