عمران خان کی رہائی میں جتنی تاخیر ہو ملک کے لیے اتنا ہی بہتر ہوگا، رانا ثنااللہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی کال کامیاب نہیں ہوسکے گی، کیونکہ یہ زیادہ لوگوں کو اسلام آباد لانے میں ناکام ہوں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نےکہاکہ عمران خان کی رہائی میں جتنی تاخیر ہوگی ملک کے لیے اتنا ہی بہتر ہوگا، کیونکہ وہ جیل میں بیٹھ کر احتجاج کی جو حکمت عملی بنارہے ہیں، وہی باہر آکر بھی کریں گے، عمران خان کو 190 ملین پاؤنڈ کے کیس میں سزا ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ نچلے لیول پر کوئی بات ہوئی ہوگی، 4 اکتوبر کو بھی یہ ایک طے شدہ پروگرام کے تحت اسلام آباد پہنچے تھے۔
مشیر وزیراعظم نے کہاکہ علی امین گنڈاپور نے یقین دہانی کرائی تھی کہ میں اسلام آباد پہنچ کر کوئی دھرنا نہیں دوں گا، اور پھر یہ طے شدہ پروگرام کے تحت واپس چلے گئے تھے۔
انہوں نے کہاکہ ہماری طرف سے واضح موقف ہے کہ سیاسی مذاکرات سے معاملات حل ہوسکے ہیں، لیکن عمران خان اسٹیبلشنٹ سے ہی بات کرنا چاہتے ہیں۔
رانا ثنااللہ نے کہاکہ پی ٹی آئی کی اتنی سکت نہیں ہوگی کہ احتجاج جاری رکھ سکے، اگر یہ اسلام آباد پہنچ بھی گئے تو پہلے کی طرح کسی طے شدہ پروگرام کے تحت ہی آئیں گے۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی ہے، جس کی تیاریاں جاری ہیں، دوسری جانب حکومت نے تحریک انصاف کو خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد میں ہر طرح کے جلسے جلوس پر پابندی عائد ہے۔ اگر اسلام آباد پر دھاوے کے دوران کوئی جانی نقصان ہوتا ہے تو اس کہ ذمہ داری احتجاج کرنے والوں پر عائد ہوگی۔