عمران خان کی رہائی تک احتجاج، عارف علوی نے پی ٹی آئی کارکنوں سے حلف لے لیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق صدر مملکت عارف علوی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی تک احتجاج کرنے کے لیے تحریک انصاف کے کارکنوں سے حلف لے لیا۔
پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر عارف علوی نے کارکنوں سے حلف لیا۔
ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عارف علوی نے کہاکہ ہمارے دل نوچ کر ہی ان سے عمران خان کی محبت ختم کی جاسکتی ہے۔
سابق صدر مملکت نے کہاکہ عمران خان ملک میں آئین و قانون اور جمہوریت کی سربلندی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں، 24 نومبر کو اسلام آباد کی سڑکوں پر عوام کا سمندر رواں دواں ہوگا۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی ہے، جس کی تیاریاں جاری ہیں۔
دوسری جانب حکومت نے تحریک انصاف کو خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد میں ہر طرح کے جلسے جلوس پر پابندی عائد ہے۔ اگر اسلام آباد پر دھاوے کے دوران کوئی جانی نقصان ہوتا ہے تو اس کہ ذمہ داری احتجاج کرنے والوں پر عائد ہوگی۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عمران خان اور حکومت کے درمیان بیک ڈور رابطوں میں بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کی کال واپس لینے کے لیے اپنی رہائی کی خواہش کا اظہار کیا، تاہم حکومت نے انکار کردیا۔