پی ٹی آئی کے سابق میڈیا کوآرڈینیٹر نے نواز شریف سے سرعام معافی مانگ لی

جاوید بدر نے اپنے کھلے خط میں پاکستان مسلم لیگ کے صدر نواز شریف سے ماضی کے الزامات اور تنقید پر معذرت کی ہے


لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق میڈیا کوآرڈینیٹر جاوید بدر نے ایک کھلا خط جاری کیا ہے جس میں پاکستان مسلم لیگ کے صدر نواز شریف پر ماضی کے الزامات اور تنقید پر معذرت کی گئی ہے۔
اپنے خط میں جاوید بدر نے اپنے کیے پر پشیمانی کا اظہار کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ انہوں نے نواز شریف پر بلاجواز الزامات لگائے اور نقصان پہنچایا۔
انہوں نے معافی کی درخواست کرتے ہوئے نواز شریف سے کہا کہ وہ ان کے اس عمل کو ان کی کم عقلی اور ناپختگی سمجھیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ خط کسی بیرونی دباؤ یا ذاتی فائدے کے بجائے اپنے ضمیر اور آخرت میں جوابدہی کے خوف سے رضاکارانہ طور پر لکھا گیا ہے۔
جاوید بدر نے اپنے کھلے خط میں پی ٹی آئی کی قیادت میں سیاسی زہر پھیلانے میں حصہ لینے کا بھی اعتراف کرتے ہوئے لکھا کہ انھوں نے نوجوانوں کو گمراہ کرنے اور معاشرے میں تفرقہ پھیلانے میں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے گمراہ ہونے والوں کے والدین اور پوری قوم سے بھی معافی مانگی۔
پی ٹی آئی کے سابق میڈیا کورآرڈینیٹر کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے، انہیں بھی بلاجواز قید کیا گیا۔
جاوید بدر نے انکشاف کیا کہ عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ بنائے جانے اور بشریٰ بی بی کو مبینہ طور پر کرپشن پر لگام دینے کے بعد انہوں نے پی ٹی آئی سے خود کو دور کیا۔ انہوں نے پی ٹی آئی حکومت پر قومی خزانے کو خالی کرنے، بین الاقوامی تعلقات کو نقصان پہنچانے اور فوج کے خلاف دشمنی کو ہوا دینے کا الزام لگایا۔
جاوید نے نواز شریف اور ان کی ٹیم کی پاکستان کے استحکام کےلیے کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے ان کی اہم شراکت کا اعتراف کیا۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ نواز شریف سے ملاقات کا موقع ملے تو وہ ذاتی طور پر اپنی غلطیوں کا اعتراف کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *