رانا ثنا اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری، گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

جوڈیشل مجسٹریٹ نے پولیس کی رپورٹ مسترد کردی، مقدمہ بھی پولیس ہی کی مدعیت میں درج ہے


گجرانوالہ(قدرت روزنامہ) وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنا اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے عدالت نے گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن کے مقدمے میں جوڈیشل مجسٹریٹ نے وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنا اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ اس مقدمے میں پہلے ہی سابق وزیرخرم دستگیر،سٹی صدرسلمان خالد،ایم پی اے عمران خالدبٹ بری ہوچکے ہیں۔
پولیس کی جانب سے 173کی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی گئی، جس میں راناثنا اللہ کوبے گناہ قراردیاتھا، تاہم عدالت نے رپورٹ مسترد کردی۔ پولیس کی جانب سے مقدمے کا چالان بھی تاخیرسے جمع کروایا گیا تھا۔
بعد ازاں عدالت نے مقامی پولیس کو رانا ثنا اللہ کو گرفتار کرکے 12 دسمبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ رانا ثنا اللہ پر کنٹینر ہٹا کر پولیس اہل کاروں پر گاڑی چڑھانے کا الزام ہے، جس کا مقدمہ پولیس کی مدعیت ہی میں درج کیا گیا تھا۔