ٹرمپ نے کرپٹوکرنسی لانچ کردی، نومنتخب صدر پر عہدہ کیش کرنیکا الزام
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی کرپٹو کرنسی لانچ کی ہے، جس کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن تیزی سے کئی بلین ڈالر تک بڑھ گئی ہے۔
ٹرمپ ’میم کوائن‘کی ریلیز اس وقت ہوئی ہے جب وہ پیر کو امریکا کے 47ویں صدر کے طور پر عہدہ سنبھالنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
اس منصوبے کو ٹرمپ آرگنائزیشن سے ملحقہ سی آئی سی ڈیجیٹل ایل ایل سی کے زیراہتمام لانچ کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ یہ کمپنی قبل ازیں ٹرمپ کے برانڈ والے جوتے اور پرفیوم لانچ کرچکا ہے
میم کوائن‘ ایک وائرل انٹرنیٹ ٹرینڈ یا تحریک کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں، لیکن ان میں اندرونی قدر کی کمی ہے اور یہ انتہائی غیر مستحکم سرمایہ کاری ہیں۔
CoinMarketCap.com کے مطابق، ہفتہ کی دوپہر تک اس کے آغاز کے چند گھنٹے بعد، ’$Trump‘ کے لیے مارکیٹ کیپٹلائزیشن تقریباً 5.5 بلین امریکی ڈالر(4.5بلین پونڈ) تک پہنچ گئی۔تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ ٹرمپ اس منصوبے سے کتنی رقم کما سکتے ہیں۔
نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل ‘ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’میرا نیا آفیشل ٹرمپ میم یہاں ہے! یہ ہر اس چیز کا جشن منانے کا وقت ہے جس کے لئے ہم کھڑے ہیں‘۔
$Trump آفیشل ویب سائٹ کے مطابق تقریباً 200 ملین ڈیجیٹل ٹوکن جاری کیے گئے ہیں اور مزید 800 ملین اگلے تین سالوں میں جاری کیے جائیں گے۔
ویب سائٹ کے مطابق ’یہ ٹرمپ میم ایک ایسے لیڈر کا جشن ہے جو پیچھے نہیں ہٹتا، خواہ کیسی ہی مشکلات ہوں‘۔
دوسری طرف ٹرمپ کی جانب سے کرپٹو کرنسی لانچ کیے جانے پر ان کے ناقدین نے ان پر صدارتی عہدے کو کیش کرنے کا الزام لگایا ہے۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری ردعمل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس طرح کے ڈیجیٹل کرنسی میں فروخت سے پہلے قیمت بڑھانے کے لیے ہائپ کا استعمال کیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں بعد میں سرمایہ کاروں کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی کرپٹو کرنسی کی لانچ سے پہلے اس کے حق میں نہیں تھے،لیکن پچھلے سال نیش وِل میں بٹ کوائن کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ واشنگٹن واپس آنے کے بعد امریکا ’سیارے کا کرپٹو کیپٹل‘ ہو گا۔
اس کے بعد ہی ان کے بیٹوں ایرک اور ڈونلڈ جونیئر نے گزشتہ سال اپنے کرپٹو وینچر کا اعلان کیا۔