’’مسائل کے ذمہ دار جرنیل ہیں‘‘ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے بہت بڑی بات کہہ دی
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے پاکستان کے مسائل کا ذمہ دار سابق جرنیلوں کو ٹھہرادیا۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے سابق آرمی چیف جنرل ضیا اور مشرف کا ذکر کرتے ہوئے تنقید کی کہ ایک عوام کو جہاد فی سبیل اللہ میں حصہ لینے پر زور دیتا ہے جبکہ دوسرا کہتا ہے کہ وہ روشن خیال اعتدال چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق آرمی چیفس میں سے ایک پاکستان کو کسی اور کی جنگ میں دھکیلنے کا ذمہ دار ہے جبکہ دوسرا ملک میں ہونے والے ڈرون حملوں کا ذمہ دار ہے۔ اعوان نے پرویز مشرف پر ایک اور طنز کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل پاکستان کے اپنے شہریوں کو گرفتار کرکے تفتیش کے لیے دوسرے ممالک کے حوالے کیا جاتا تھا۔ آئیڈیلزم کا دفاع کرتے ہوئے اعوان نے پی ٹی آئی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی 26 سال پہلے بنی تھی اور اس وقت سے لے کر اب تک محنت کے بل بوتے پر آگے بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہماری تین سالہ حکومت کا ان کی جنونیت سے کیسے موازنہ کر سکتے ہیں جس نے پاکستان کو تباہ کر دیا؟ پروگرا م میں شریک لیفٹیننٹ جنرل (ر)امجد شعیب نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ تو پھر آپ نے بھی ملک کو تباہ کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے، اب یہ ٹھیک ہے نا؟ اعوان کا کہنا تھا کہ ہم آپ کو یہ بھی دکھائیں گے کہ ہم چیزوں کو کیسے ٹھیک کر سکتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تم نے انہیں جہاد فی سبیل اللہ کہہ کر پوری نسلیں تباہ کر دیں۔ ریٹائرڈ جنرل نے جواب دیا کہ علی اعوان آپ کو بتاتا چلوں کہ ملک کو تباہ کرنے کے لیے آپ کو صرف ایک سال درکار ہے، آپ کو اس کے لیے تین سال کی ضرورت نہیں ہے۔ سابق جرنیلوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون نے جوابی گولی چلائی: پھر آپ نے 37 سال کیوں لگائے؟